31 اگست 2021 تک رنجیت ساگر ڈیم میں واٹر سپورٹس کا آغاز ہو گا

31 اگست 2021 تک رنجیت ساگر ڈیم میں واٹر سپورٹس کا آغاز ہو گا

سرینگر //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتہ نے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ شروع میں محکمہ نے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے بارے میں ایک تفصیلی پرذنٹیشن دی جو پورے جموں و کشمیر میں جاری ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2020-21 کے دوران محکمہ نے 6.27 لاکھ نوجوانوں تک رسائی حاصل کی اور انہیں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں سے جوڑا ۔ سنو سکینگ ٹریننگ کورسز شروع کئے گئے اور30 سال کے وقفے کے بعد ٹریکنگ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی گئیں ۔ رواں مالی سال کے دوران محکمہ تمام پنچائتوں میں 4 شعبوں کرکٹ ، والی بال ، کبڈی اور کھو کھو میں کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے گا جس کیلئے کھلاڑیوں کی آن لائین رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے ۔ اس کے علاوہ سکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے اشتراک سے مناسب کوچنگ اور تربیتی سہولیات کے ساتھ نیشنل اسکول گیمز کا اہتمام کیا جائے گا ۔ رنجیت ساگر ڈیم میں واٹر سپورٹس کی سہولیات کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ سامان کا آڈٹ مکمل کریں اور نوجوانوں کو کیکنگ اور کینوئینگ کھیلوں کی تربیت 31 اگست 2021 تک شروع کریں ۔ ڈاکٹر مہتہ نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی کامیابیوں کو اجاگر کریں جنہوں نے مختلف کھیلوں میں مہارت حاصل کی ہے اور قوم کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بھی روشن کیا ہے ۔ محکمہ سے کہا گیا کہ وہ کھلاڑیوں کو مناسب تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے جس سے مختلف قومی اور بین الاقوامی تقریبات میں یو ٹی کے نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی اجازت ہو ۔