سری نگر//محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کیلئے شدید موسمی الرٹ جاری کیا جس میں بڑے پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے طوفانی سیلاب ،مٹی کے تودے گرآنے ، زمین کھسک جانے اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے اورینج موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر آسمان ابر آلود ہے۔پونچھ ، راجوری ، ریاسی اور اس کے آس پاس کے کچھ مقامات پر تیز ہوائیںبھی چل رہی ہیں اور گرج چمک کیساتھ بارشیں بھی ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقفے وقفے سے بارش کا امکان زیادہ تر30 جولائی تک ہے۔ بعض مقامات پر بھاری سے انتہائی موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔انہوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے اور چوکس رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گر آسکتے ہیں اور دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔سونم لوٹس نے خبردارکیاکہ تیز اورموسلادار بارشوں سے نشیبی علاقوں میں طوفانی سیلاب ، مٹی کے تودے گرآنے ، زمین کھسک جانے اور سیلابی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں رواں ماہ کے آخرتک مطلع ابروآلود رہے گا،جس دوران کشمیر کے میدانی علاقوں کیساتھ ساتھ شمالی وجنوبی کشمیر نیز خطہ پیرپنچال میںوقفے وقفے سے تیز اورموسلادار بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے اورینج موسمی الرٹ جاری کیاگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کو ایک بار پھر انتباہ دیا جاتا ہے اور انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ چکی ہے۔لوگوں کو پہاڑی علاقوں میں گھومنے پھرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔










