fire

24 گھنٹوں میں کشمیر میں سات آگ کے واقعات، کوپوارہ میں فوجی کوارٹرز متاثر

فائرفائٹنگ ٹیموں کی بروقت کارروائی، انسانی جانوں کا کوئی نقصان نہیں

سرینگر//وی او آئی//وادی کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم سات آگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ فائرفائٹنگ اور ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق تمام مقامات پر بروقت کارروائی کی گئی جس سے آگ پر قابو پایا گیا اور انسانی جانوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ چنہ پورہ سرینگر میں کچرے کے ڈھیر میں آگ بھڑک اٹھی جسے فوراً بجھا دیا گیا۔ فتح کدل میں ایک رہائشی مکان کے بالائی حصے کو نقصان پہنچا تاہم آگ کو دیگر گھروں تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔بانڈی پورہ کے نور کالونی میں ایک مکان متاثر ہوا جبکہ کوپوارہ ضلع کے 168 ایم ایچ فوجی کیمپ میں دو رہائشی کوارٹرز آگ کی لپیٹ میں آئے۔ کْلگام کے دورو علاقے ندی مرگ میں بھی ایک مکان میں آگ لگی جسے بروقت قابو میں کر لیا گیا۔ گاندربل کے نونر علاقے میں ایک چنار کے درخت کو آگ لگ گئی جسے فائرفائٹنگ ٹیموں نے بجھا دیا۔ اسی دوران کوپوارہ کے چوکیبال کے منچتیر علاقے میں دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق مربوط کوششوں سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمِ سرما میں حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور کسی بھی آگ کے واقعے کی فوری اطلاع قریبی فائر اسٹیشن یا کنٹرول روم کو دیں۔