24جون کی میٹنگ جموں وکشمیر کیلئے انتہائی اہم:رویندررینا

سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کی جموں وکشمیرشاخ نے منگل کے روز اعلان کیاکہ پارٹی 24جون کونئی دہلی میں ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرے گی۔خیال رہے یہ میٹنگ وزیراعظم نریندرمودی کی زیرصدارت منعقد ہوگی ،اوراس میں شرکت کیلئے جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زیادہ سینئرسیاسی لیڈروں کودعوت دی گئی ہے۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس )کے مطابق بھاجپاکے جموں وکشمیریونٹ کے سینئرلیڈران کی ایک میٹنگ جموںمیں واقع دفترمیں منگل کی صبح منعقد ہوئی ،جس میں پارٹی کے سینئرلیڈران موجودتھے ۔ا س میٹنگ کے بعدبھاجپا کی جموں وکشمیرشاخ کے صدررویندررینا نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پارٹی نے وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کافیصلہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پارٹی کے جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے لیڈروں کاایک وفد24جون کونئی دہلی میں منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوگا۔تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ جن لیڈروں کودعوت دی گئی ہے ،وہی میری سربراہی میںدہلی جاکرمیٹنگ میں شرکت کریںگے ۔سابق نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتا سمیت کئی سینئرلیڈروں کے ہمراہ نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے رویندرینا کامزیدکہناتھاکہ وزیراعظم کی صدارت میںہونے والی میٹنگ جموں وکشمیر کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا لیڈراس میٹنگ میں جموں وکشمیرکے عوام سے جڑے معاملات کواُجاگر کریں گے۔رویندررینا نے کہاکہ ہم میٹنگ میں جموں وکشمیرکے لوگوں کی جانب سے بات کریں گے۔ انہوں نے اس میٹنگ میں شامل ہونے والی تمام سیاسی جماعتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کو اپنی بات وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے رکھنے کا موقع ملے گا۔