23 فروری کی شام کولاپتہ ہوئے واڑون کشتواڑ کے6 افراد کا سراغ مل گیا

23 فروری کی شام کولاپتہ ہوئے واڑون کشتواڑ کے6 افراد کا سراغ مل گیا

8 سے 10 فٹ برف زدہ علاقہ میں بچائوآپریشن بڑا چیلنج:ڈی سی اننت ناگ

سری نگر//صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے واڑون علاقے کے6لاپتہ افرادکا3روز بعدسراغ مل گیاورتینوں صحیح سلامت اپنے اپنے گھر پہنچ گئے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع کشتوار کے بالائی علاقہ واڑ ون کے رہنے والے 6افرادمنگل اوربدھ کی در میانی رات ہوئی بھاری برف باری کے بعداُسوقت لاپتہ ہوگئے ،جب یہ سبھی افراد3 دن قبل منگل کورات کے تقریباً9بجے اننت ناگ سے مرگن ٹاپ کے راستے اپنے گھر جارہے تھے، جمعہ کی صبح سبھی6لاپتہ افراد تلاش کرلئے گئے۔سرکاری ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ تین روز قبل لاپتہ ہوئے تمام 6 افراد صحیح سلامت ہیں اور انہیں واڑون کے علاقے انشان کی چوٹی پر دیکھا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ واڑون کے علاقے سے پولیس اور مقامی لوگوں نے برف میں پھنسے ان چھ افرادکی مددکی اوراسکے بعدسبھی چھ افراد کو اُنکے گھروں تک پہنچانے کی کارروائی عمل میں لائی گئی اورلگ بھگ 2سے 3 گھنٹے کے اندر وہ سبھی صحیح سلامت اپنے اپنے گھر واپس پہنچائے گئے ۔حکام نے بتایاکہ گزشتہ منگل کی رات 9 بجے سے محمد اکبر کوکا، غلام نبی کوکا، اعجاز احمد کوکا، گلزار احمد کوکا، منظور احمد کوکا اور ادریس احمد ڈار نامی 6 لاپتہ افراد سے اہل خانہ کاکوئی رابطہ نہیں ہوا ،جسکے باعث اُنکی سلامتی کولیکر افرادخانہ سخت تشویش میں مبتلاء تھے تاہم چویدرمن واڑون کشتواڑکے رہنے والے یہ چھ افراد جمعہ کوتین روز بعداپنے گھروں کوپہنچ گئے ۔مقامی سرپنچ آزاد نبی لون کے حوالے سے بتایا کہ تمام چھ افراد آج دوپہر بحفاظت گھر پہنچ گئے ۔حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے جمعرات کو لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ایک بچائو آپریشن شروع کیاتھا۔ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے لاپتہ افراد کے گھر پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اننت سے اپنے گھر واڑون کشتواڑ جانے کے دوران لاپتہ ہونے والے چھ افراد صحیح سلامت اپنے گھر پہنچے ہیں۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 23 فروری کی شام کو ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے اطلاع ملی کہ اننت سے مرگن ٹاپ راستے کے ذریعے واڑون کشتواڑ جانے والے چھ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں کے دوران موسم انتہائی خراب رہا جو ہمارے بچائوآپریشن کیلئے بہت بڑا چیلنج رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں آٹھ سے دس فٹ برف جمع ہوئی تھی۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ایس آر ڈی ایف، پولیس، فوج کی28 افراد پر مشتمل ایک ٹیم کو جمعے کی صبح ساڑھے 4 بجے لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے روانہ کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کی اطلاع کے مطابق یہ افراد اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔