gold

22 قیراط سونے کی قیمت 10,985 روپے فی گرام تک پہنچی/رپورٹ

سرینگر/ ٹی ای این / بھارت میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز 22 قیراط سونے کی فی گرام قیمت 10985 روپے تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً 125 روپے فی گرام ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تانیسق، ملابار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز، جویلکس اور کلین جیولرز نے اپنے تازہ نرخ جاری کیے ہیں جن میں معمولی فرق پایا گیا ہے۔ ان برانڈز کے مطابق 22 قیراط سونے کی قیمت 10,945 روپے سے 10,985 روپے فی گرام کے درمیان رہی۔ماہرین کے مطابق دسہرہ اور دیوالی جیسے تہواروں کے قریب آتے ہی سونا عام طور پر مہنگا ہو جاتا ہے کیونکہ اس دوران مانگ بڑھتی ہے۔ تاہم اس سال قیمتوں میں اضافے کے باعث زیورات کی خرید میں تقریباً 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈیا بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ سال 24 ٹن کے مقابلے میں اس سال صرف 18 ٹن سونا فروخت ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سونے کی قیمتیں صرف مانگ سے متاثر نہیں ہوتیں بلکہ افراط زر، شرح سود میں تبدیلی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور عالمی جغرافیائی حالات بھی قیمتوں کو متاثر کرتے ہیں۔ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ سونا اب عالمی غیر یقینی حالات کا نیا پیمانہ بن گیا ہے، جس طرح پہلے خام تیل ہوا کرتا تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی 2025 میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے کے بعد زیورات اور قیمتی پتھروں کی برآمد پر عائد چار فیصد تک کی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے، جس سے بھارتی زیورات کی کمپنیوں کو بیرون ملک کاروبار بڑھانے کا موقع ملا ہے۔ماہرین کے مطابق دیوالی تک سونے کی قیمتوں میں مزید ایک سے دو فیصد اضافہ ممکن ہے، تاہم اگر شرح سود میں اضافہ یا روپے کی قدر میں بہتری آتی ہے تو وقتی کمی بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔