وادی کشمیرزمستانی ہوائوں کی لپیٹ میں،سونہ مرگ سب سے سرد مقام
سرینگر/یو این ایس// وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور بیشتر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت نقطانجماد سے کافی نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جاری 40 روزہ سخت سردی کے دورانیے چِلّہ کَلان کے عروج کے ساتھ ہی سردی میں مزید شدت متوقع ہے، جبکہ 22 جنوری تک برف باری یا کسی بڑی موسمی سرگرمی کا امکان نہیں ہے۔یو این ایس کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع معروف سیاحتی مقام سونمرگ جموں و کشمیر کا سب سے سرد مقام رہا، جہاں منگل کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سیلسیس درج ہوا۔سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سیلسیس رہا، جو پیر کی رات کے مقابلے میں چند ڈگری زیادہ ہے، جب درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارتمنفی 7.2 ڈگری سیلسیس رہا۔یو این ایس کے مطابق وادی کے دیگر علاقوں میں قاضی گنڈمیں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سیلسیس، کوکرناگمیں منفی 2.3 ڈگری سیلسیس اور کپواڑہ میں منفی 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات سری نگر نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں 7 سے 15 جنوری کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 16 اور 17 جنوری کو کشمیر ڈویڑن کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہو سکتی ہے۔ تاہم مجموعی طور پر 22 جنوری تک موسم خشک اور مستحکم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 جنوری کو موسم جزوی سے عمومی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 20 جنوری کو کشمیر کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ 21 اور 22 جنوری کو موسم دوبارہ جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم کسی نمایاں موسمی نظام کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔یو این ایس کے مطابق محکمے نے خبردار کیا ہے کہ 10 جنوری تک کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے کیونکہ چلہکَلان اپنے عروج کی طرف بڑھ رہا ہے، تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سیلسیس تک بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب جموںصوبے کے میدانی علاقوں میں آئندہ پانچ دنوں تک درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید کہر کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خاص طور پر مسافروں، ڈرائیوروں اور صبح و شام کے اوقات میں سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔واضح رہے کہ رواں موسم سرما کے دوران اب تک کشمیر کے میدانی علاقوں میں کوئی قابلِ ذکر برف باری نہیں ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ خشک موسم بھی جاری ہے۔










