tourism in kahsmir

2021میں ساڑھے6 لاکھ سیاح واردِکشمیر :گزشتہ10 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

سری نگر//جسے ہم ایک ریکارڈ کہتے ہیں، کشمیر میں دہائی کے سب سے زیادہ سیاحوں کی آمد کا مشاہدہ کیا گیا،کیونکہ سال2021میں تقریباًساڑھے6لاکھ ملکی وغیرملکی سیاح واردِکشمیر ہوئے اوریوں سیاحتی صنعت کوایک نئی جہت ملی۔ ماہ نومبر2021 میں کل ایک لاکھ27ہزار605 سیاح آئے جبکہ اسے قبل اکتوبرکے مہینے میں 93ہزار سیاح یہاں آئے تھے ،ماہ دسمبر2021میں ایک لاکھ20ہزار سے زیادہ سیاح کشمیرکی قدرتی خوبصورتی ،حسن وجمال اوربرف باری کانظارہ کرنے کیلئے کشمیرآئے۔جے کے این ایس کودستیاب تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر کے سرکاری حکام کے مطابق ماہ اکتوبر،نومبر اوردسمبر میں کشمیر آنے والے ملکی وغیرملکی سیاحوں کی یہ تعداد پچھلے7برسوں میں نومبرکے مہینے کے تمام اعداد و شمار سے زیادہ ہے!۔حکام کے مطابق نومبر2020 میں صرف6327 سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا جو کہ موجودہ تقریباً ایک لاکھ27ہزار کی تعداد سے بہت کم ہے۔ ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نومبر 2021میں تقریباً ایک لاکھ27ہزار سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا اور اکتوبر میں تقریباً93ہزار سیاح کشمیرآئے اور یہ گزشتہ7 سالوں میں پہلی بار ہے کہ کشمیر میں اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں نے ماہ اکتوبر،نومبرمیں ریکارڈقائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ متعدد مہمات کا نتیجہ ہے جیسے کہ کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ملک میں روڈ شوز کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات جنہوں نے کوروناوائرس کی دوسری لہر کے بعد سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے سال2021 کے دوران ملک میںتقریباً 21 روڈ شوز کا انعقاد کیا گیاجبکہ دوسری لہر کے بعد وادی میں ٹور اور سفری برادری کے تمام ارکان کو جلد از جلد ٹیکہ لگایا گیا جس سے سیاحوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے (11 دسمبر)، کرسمس (25 دسمبر) اور نیا سال کشمیر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کارنیول کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس سے سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملی۔حکام کاکہناہے کہ برسوں بعدوادی کشمیر میں سیاحت کی صنعت آخر کارپٹڑی پر آ گئی ہے۔ سیاحوں کی آمد نے گزشتہ10 سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سال تقریباً ساڑھے6 لاکھ سیاحوں نے وادی کشمیر کا دورہ کیا ہے جس میں دسمبر میں سب سے زیادہ آمد ہوئی ہے۔ گلمرگ اور پہلگام کے پہاڑی مقامات کے تمام ہوٹل نئے سال کے لیے پوری طرح سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔ محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر احسن الحق نے کہا کہ ہم ملک بھر کے سیاحتی بازاروں میں گئے تاکہ انہیں یہ پیغام دیا جائے کہ ہم تیار ہیں اور اب ہم نتائج دیکھ رہے ہیں۔انہوںنے مزیدکہاکہ سیاحت کے محکمے نے اس سال سیاحوں کے لئے کچھ نئے غیر معروف مقامات کو بھی شامل کیا ہے۔ وادی کشمیر میں ایسے تقریباً75 مقامات کو سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اور اس پر آنے والے لوگوں کی طرف سے زبردست ردعمل دیکھا گیا ہے۔محکمہ سیاحت نے سال2021میں ایک بہت ہی تاریخی فیصلہ لیا، جس میں تقریباً75 غیر معروف مقامات کو کھولنے اور ان کو فروغ دینے کی پہل کی گئی ہے۔حکام کاکہناہے کہ جموں و کشمیر کی حکومت اب ایڈونچر اور ہیریٹیج ٹورازم پر توجہ مرکوز کرے گی تاکہ یونین ٹیریٹری میں مستقبل کی سیاحت کی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔ وہ جلد ہی گلمرگ اور پہلگام جیسے مقامات پر سرمائی کھیلوں کا میلہ شروع کریں گے۔