سری نگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعرات کے روز صفہ کدل سرینگر میں دو اُساتذہ کے بے رحمی سے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ایک بیان میں الطاف بخاری نے اس واقعہ کو بزدلانہ حرکت قرار دیا جس میں بے دردی سے2 شہریوں کو مار دیاگیا۔ الطاف بخاری نے کہا کہ یہ بزدلی اور غیر انسانی مظاہرہ ہے۔ حکومت کو انسانیت کے خلاف اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ اذیت اور درد جس سے متاثرین کے خاندان اب گزر رہے ہوں گے ناقابل بیان ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس بے ہودہ تشدد کی کوئی انتہا نہیں ہے کیونکہ یہاں تک کہ خواتین کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ ان سفاکانہ قتل کا کوئی جواز نہیں دیاجاسکتا۔الطافبخاری نے زور دے کر کہا کہ ایک دن کے بعد جب تین شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اور لوگ ابھی تک صدمے تھے ۔یہ انتہائی دلدوز ہے کہ مزید دو شہری مارے گئے ہیں ، جس سے پورے جموں و کشمیر میں دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ یہ مذموم کوششیں جموں و کشمیر میں امن و سکون کو متاثر کرنے کے لئے ہیں تاہم ، جموں و کشمیر کے لوگ مضبوط سماجی طور متحد ہیں جوکہ یقینی طور پر امن کی دشمن قوتوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ بخاری کے علاوہ اپنی پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی مہلوکین کی روح کی شانتی اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔










