کہیں کہیں سیلابی صورتحال پیداہونے اورکچھ اہم شاہراہوں پرنقل وحمل متاثر ہونے کاخطرہ لاحق
سری نگر//محکمہ موسمیات نے عیدالاضحی کے موقعہ پرجموں وکشمیرمیں موسلادار بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز جموں وکشمیر میں گرج چمک کیساتھ تیز بارشیں اور کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے نیز ژالہ باری ہونے سے متعلق تازہ موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ہے۔نمائندےکے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیراورجموں کے صوبائی کمشنروں کوایک خط روانہ کیاگیا ہے ،جس میں یہ امکان یااندیشہ ظاہرکیا گیاہے کہ تیز اورموسلا دار بارشیں ہونے کے نتیجے میں ٹنل کے آرپارکچھ علاقوں میں ندی نالوںمیں طغیانی پیداہونے سے سیلابی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب اوربحیرہ بنگال سے اُٹھے والی ہوائوں کاذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ جب شمالی عرب سمندر اورخلیج بنگال سے اُٹھنے والی تیز ہوائیں جموں وکشمیرمیں داخل ہونگی تویہاں 19جولائی سے گرج چمک کیساتھ تیز بارشوں ،تیز ہوائیں چلنے اورکہیں کہیں ژالہ باری ہونے کابھی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کی جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری میں دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروںکوپیشگی مطلع کیاگیا ہے کہ موسلادار بارشیں ہونے سے جب ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا،وہاں پانی کے بہائو میں تیزی آئیگی توندی نالوںکااضافی پانی نزدیکی بستیوں اورعلاقوں میں سیلابی ریلوں کی صورت میں داخل ہوسکتا ہے ،جسکے نتیجے میں کہیں کہیں سیلاب جیسی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے۔ایڈوائزر ی میں یہ اندیشہ ظاہرکیا گیاہے کہ تین روز تک تیز اورموسلا دار بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ بھی پیداہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی اندیشہ ظاہرکیا ہے کہ موسمی صورتحال خراب رہنے کے باعث 19سے21 جولائی تک جموں سرینگرقومی شاہراہ ، سرینگر لیہ شاہراہ،مغل روڑ اور ، ڈوڈا کشتواڑ روڈ پرٹریفک کی آمدورفت میں عارضی خلل پڑسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے جاری ایڈوائزری میں انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داروں کومطلع کیا ہے کہ ڈھلوان والے اورپہاڑی علاقوں ،بستیوں اورشاہراہوں وسڑکوں پر پتھر،چٹانیں اورمٹی کے تودے گرآنے کابھی خطرہ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے اپنی جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری میں زمینداروں اورمالکان باغات کومشورہ دیاہے کہ وہ 19سے21 جولائی تک کھیت کھلیانوں اورباغوں میں معمول کاکام معطل رکھیں ۔










