تقریباً 15 سال بعد وجے ہزارے ٹرافی میں واپسی کر رہے وراٹ کوہلی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ گھریلو ونڈے ٹورنامنٹ میں دہلی کی جانب سے کھیلتے ہوئے وراٹ کوہلی ایک تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ دہلی کی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ آندھرا پردیش سے کھیل رہی ہے۔ دہلی کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کی پلیئنگ الیون میں وراٹ کوہلی کے علاوہ ایشانت شرما، نتیش رانا اور نودیپ سینی جیسے سینئر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی ہدایات کے مطابق سنڑل کنڑیکٹ والے کھلاڑیوں کے لیے وجے ہزارے ٹرافی میں کم از کم 2 میچ کھیلنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے وراٹ کوہلی اور روہت شرما جیسے سینئر کھلاڑی اس بار گھریول میدان پر نظر آ رہے ہیں۔ وراٹ کوہلی اس میچ کو نہ صرف میچ پریکٹس کے طور پر دیکھ رہے ہیں بلکہ یہاں ان کا ریکارڈ بھی شاندار رہا ہے۔
وراٹ کوہلی اب تک دہلی کے لیے وجے ہزارے ٹرافی میں 17 مقابلے کھیلے ہیں۔ ان میچوں کی 16 اننگ میں انہوں نے 910 رن بنائے ہیں۔ اس دوران ان کی اوسط 60 سے زیادہ کی رہی ہے، جو ان کے گھریلو ریکارڈ کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ ٹورنامنٹ میں ان کے نام 4 سنچری اور 4 نصف سنچری درج ہیں، جبکہ ان کا نمایاں اسکور 124 رن ہے۔ بین الاقوامی اسٹار بننے سے قبل ہی وراٹ کوہلی گھریلو کرکٹ میں اپنی پہچان بنا چکے تھے اور 2006 میں انہوں نے دہلی کی جانب سے اپنا پہلا لسٹ سے مقابلہ کھیلا تھا۔وجے ہزارے ٹرافی وراٹ کوہلی کے لیے اور بھی خاص ہونے والا ہے، کیونکہ وہ لسٹ اے کرکٹ میں ایک اہم کامیابی حاصل کرنے سے صرف 1 رن دور ہیں۔ وراٹ کوہلی اب تک 342 لسٹ اے میچوں میں 15999 رن بنا چکے ہیں، جیسے ہی وہ ایک رن بنائیں گے وہ 16000 رن مکمل کرنے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن جائیں گے۔ ان سے پہلے صرف سچن تندولکر نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ وراٹ کوہلی کی لسٹ سے اوسط 57 سے زیادہ کا ہے، جو اس فارمیٹ میں ان کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے نام 57 سنچری اور 84 نصف سنچری درج ہیں۔ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچری لگانے کا ریکارڈ اب بھی سچن تندولکر کے نام ہیں، انہوں نے 60 سنچریاں اسکور کی ہیں۔
اگر عالمی سطح پر لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو انگلینڈ کے گراہم گوچ اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔ ان کے بعد سچن تندولکر، گریم ہیک، کمار سنگاکارا ویو رچرڈس، رکی پونٹنگ اور سنتھ جیسوریہ جیسے عظیم بلے باز شامل ہیں۔ وراٹ کوہلی پہلے سے ہی اس خاص کلب کے حصہ ہیں اور اب ایک اور تاریخی ریکارڈ ان کے نام سے جڑنے والا ہے۔










