14کھیل ایسوسی ایشنزکی سرگرمیاں عملاًغیرقانونی

فوری انتخابات کروائیں،جموں و کشمیرا سپورٹس کونسل کی ہدایت

سری نگر //کام کرنے شفافیت اور ہموار یت لانے کیلئے، جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے 14کھیل ایسوسی ایشنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ووٹر لسٹ جمع کرائیں اور پہلے سے ہی طے شدہ انتخابات کابروقت انعقاد یقینی بنائیں۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں تقریباً14 اسپورٹس ایسوسی ایشنزتنظیمی انتخابات نہ کرانے کی وجہ سے غیر قانونی طور پرکام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ان کی میعاد ختم ہو چکی ہے، یہ اسپورٹس باڈیزیاکھیل ایسوسی ایشنز جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے بینر تلے سرگرمیاں کر رہی ہیں، جو درست نہیں ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ جب تک انتخابات نہیں کرائے جاتے اور الحاق پر نظر ثانی نہیں کی جاتی، ان اداروں کو غلط سمجھا جائے گا۔جن اسپورٹس باڈیزیاکھیل ایسوسی ایشنوں کوبلاتاخیر انتخابات کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں آرچری ایسوسی ایشن آف جے اینڈ کے، جے اینڈ کے باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن، آل جے اینڈ کے شطرنج ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے سائیکلنگ ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے رائفل ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے بال بیڈمنٹن ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے اسکواش ریکیٹ ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے ریسلنگ ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے ٹینی کوئٹ ایسوسی ایشن، جے اینڈکے امیچور کبڈی ایسوسی ایشن،جے اینڈکے کھو کھو ایسوسی ایشن، جے اینڈکے رگبی ایسوسی ایشن، جے اینڈ کے Pencak-Silat ایسوسی ایشن شامل ہے ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے یونین ٹیریٹری میں غیر فعال ایسوسی ایشنوں پر بھی شکنجہ کسا ہے اور ایسی ناکارہ انجمنوں کا کردار اسپورٹس کونسل کے ذریعے کھیلوں کے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے علاوہ سرگرمیوں کے انعقاد، تنظیم اور نگرانی کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔