سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 13 سے15 اگست کے درمیان اپنے گھروں میں قومی پرچم لہرا کر یا اسکی نمائش کرکے ’ہر گھر ترنگا‘ تحریک کو مضبوط کریں۔جے کے این ایس کے مطابق کئی ٹویٹس میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ تحریک ترنگے کے ساتھ ہمارا تعلق گہرا کرے گی اوریاددہانی بھی کرائی کہ 22 جولائی 1947 کو قومی پرچم کو اپنایا گیا تھا۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ آج، ہم ان تمام لوگوں کی یادگار ہمت اور کوششوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے آزاد ہندوستان کے جھنڈے کا خواب دیکھا جب ہم نوآبادیاتی حکمرانی سے لڑ رہے تھے۔ وزیراعظم نے ساتھ ہی کہاکہ ہم ان کے نظریے کو پورا کرنے اور ان کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سال جب ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں، آئیے ہر گھر ترنگا تحریک کو مضبوط کریں۔ 13 اور 15 اگست کے درمیان اپنے گھروں میں ترنگا لہرائیں یااسکی نمائش کریں۔ یہ تحریک قومی پرچم سے ہمارا تعلق مزید گہرا کرے گی۔وزیراعظم مودی نے سرکاری مواصلات کی تفصیلات بھی پوسٹ کیں جس کے نتیجے میں ترنگے کو قومی پرچم کے طور پر اپنایا گیا۔ انہوں نے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی طرف سے لہرائے گئے پہلے ترنگے کی تصویر بھی پوسٹ کی۔حکومت نے ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ’ہر گھر ترنگا‘مشق کا تصور کیا ہے۔










