13سالہ بیٹی بمقابلہ طاقتور خالہ: کِم خاندان میں اقتدار کی نئی جنگ

13سالہ بیٹی بمقابلہ طاقتور خالہ: کِم خاندان میں اقتدار کی نئی جنگ

پیانگ یانگ//ایجنسیز//شمالی کوریا میں اقتدار کی منتقلی کا وقت قریب آ رہا ہے، جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی کم عمر بیٹی کم جو اے کو آئندہ رہنما کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جس سے خاندان کے اندر طاقت کی کشمکش کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس نے قانون سازوں کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ تقریباً 13 سالہ کم جو اے کو جَلد کم جونگ ان کا باضابطہ طور پر وارث نامزد کیا جا سکتا ہے۔ جنوبی کوریا میں اس ماہ ہونے والی ورکرز پارٹی کی بڑی اور اہم کانفرنس میں بھی اس حوالے سے اہم اشارے دیے گئے۔ واضح رہے کہ کِم جو اے پہلی بار نومبر 2022ء میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربہ کے موقع پر منظرِ عام پر آئی تھیں۔ اس کے بعد وہ اپنے والد کے ساتھ فوجی پریڈز، ہتھیاروں کے تجربات اور فیکٹری دوروں میں نظر آتی رہی ہیں، گزشتہ برس ستمبر میں وہ چین بھی گئی تھیں، کم جو اے کے اس دورے کو جانشینی کی تیاری کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتداء میں جنوبی کوریا کے اعلیٰ حکام کو شک تھا کہ مردانہ غلبے والے نظام میں کسی لڑکی کو قیادت نہیں دی جا سکتی مگر کِم جو اے کی سیاسی سطح پر مسلسل موجودگی نے اس سوچ کو تذبذب میں بدل دیا ہے۔