جعلی نوکری، زمین سکینڈل میں چارج شیٹ فائل

11 لاکھ روپے کے جعلی نوکری ریکٹ کا پردہ فاش

کرائم برانچ نے دو افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی

سرینگر/// یواین ایس / کشمیر میں نوکری کے جعلی وعدوں کے سلسلے میں کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ نے دو افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے ایک شاکی کو 11 لاکھ روپے کے عوض حکومت کی نوکری کا جھوٹا وعدہ کر کے دھوکہ دیا۔چارج شیٹ ایف آئی آر نمبر 08/2024 کے تحت دفعات 420 اور 120-B IPC کے تحت چیف جسٹس مجسٹریٹ، بدگام کے سامنے پیش کی گئی ہے۔ یہ اقدام تنظیمی سطح پر چلنے والے نوکری کے فراڈ نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔معلومات کے مطابق شکایت گزار نے بتایا کہ عشرت بانو، دختر محمد ایوب ، ساکن زرہاما، ضلع کپوارہ نے جھوٹے وعدے کے تحت شکایت گزار سے 11 لاکھ روپے وصول کیے کہ اس کے شوہر اس کے لیے حکومت کی نوکری کا بندوبست کریں گے۔ شکایت گزار نے اس یقین دہانی پر رقم متعلقہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی، مگر نہ تو نوکری ملی اور نہ رقم واپس کی گئی۔کرائم برانچ کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ رقم ملزم گلزار احمد وانی عرف شاہد کے اکاؤنٹ میں جمع ہوئی، جو زرہاما/لیدر وان، ضلع کپوارہکے رہائشی ہیں۔ مزید تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ گلزار احمد وانی اور عشرت بانو کے درمیان کوئی شوہر،بیوی کا رشتہ موجود نہیں تھا، جس سے دھوکہ دہی اور سازش کی نیت واضح ہوئی۔ابتدائی تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کی دھوکہ دہی اور فوجداری سازش میں ملوث ہونے کی شواہد سامنے آئے۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن اکنامک افنس ونگ کشمیر میں کیس درج کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے پر الزامات درست ثابت ہوئے۔ چارج شیٹ اب عدالتی کارروائی کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کی گئی ہے۔