پونچھ پولیس کی کاوشیں رنگ لائیں، اتر پردیش کی رہائشی خاتون گھر پہنچا دی گئی
سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 برس قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کو اس کے اہلِ خانہ سے ملا دیا۔پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت لیلاوتی کے طور پر ہوئی ہے، جو ذہنی طور پر علیل ہے اور اتر پردیش کے دواَج علاقے سے تعلق رکھتی ہے۔ وہ تقریباً گیارہ سال قبل اپنے خاندان سے بچھڑ گئی تھی اور اس دوران پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں مقیم رہی۔یو این ایس کے مطابق جموں کشمیر پولیس کے سرنکوٹ تھانے نے، ایس ایچ او سید عابد بخاری کی قیادت میں مسلسل کوششوں کے بعد خاتون کی شناخت معلوم کر کے اس کے اہلِ خانہ تک رسائی حاصل کی۔پولیس حکام کے مطابق خاتون سے محدود معلومات حاصل ہونے کے باوجود ٹیم نے مختلف سراغوں پر کام جاری رکھا اور بالآخر اس کے خاندان کا سراغ لگا لیا۔ اس سلسلے میں اتر پردیش پولیس سے بھی رابطہ کیا گیا، جن کے تعاون سے شناخت اور رابطہ ممکن ہو سکا۔اہلِ خانہ کو خاتون کی موجودگی کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد وہ سرنکوٹ پہنچے۔ تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد خاتون کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔مقامی عوام نے پولیس، خصوصاً ایس ایچ او سید عابد بخاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت اور عوامی خدمت کی ایک بہترین مثال قرار دیا ہے۔










