کووڈ19کے پیش نظر نصاب میں دی گئی رعایت واپس
سری نگر//کووڈ19 کے معاملات میں کمی کے بیچ اور اسکولوں میں آف لائن کلاسز کے دوبارہ شروع ہونے کے ساتھ ہی،جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (BOSE) نے 10ویں اور12ویں کلاس کے سالانہ بورڈ امتحانات میں طلباء طالبات (اُمیدواروں) کوگزشتہ کچھ برسوں سے نصاب میں دی گئی نرمی یاچھوٹ واپس لے لی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ دو سالوں سے جب تعلیمی اداروں کو طویل بندش کا سامنا تھا، کووِڈ19 وبائی مرض کے دوران اپنے امتحان میں شرکت کے لئے طلبہ کونصاب میں یہ رعایت دی گئی تھی۔جے اینڈ کے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر فاروق احمد پیر کے ذریعہ جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں اسبات کی تصدیق کی گئی ہے کہ مختلف بورڈ امتحانات میں بیٹھنے کے لیے کووڈ19 کی وجہ سے طلبہ کونصاب میں دی جانے والی رعایتیں واپس لے لی گئی ہیں۔بورڈآف اسکول ایجوکیشن نے طلباء کو مطلع کیا ہے کہ اب سے تمام امتحانات بغیر کسی بھی قسم کی نرمی کے اصل اسکیم کے مطابق ہوں گے ۔










