کیف: یوکرین پولیس کو روسی فوج کے کیف علاقہ سے انخلا کے بعد 900 سے زائد شہریوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔ کیف ریجن کے پولیس چیف آندری نبیتوف نے دعویٰ کیا کہ روسی فوج کے کیف ریجن سے انخلا کے بعد سے اب تک وہاں 900 سے زائد شہریوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔ امریکی میڈیا کےمطابق سربراہ ریجنل پولیس نے گزشتہ روز بریفنگ کے دوران کہا کہ کیف ریجن سے ملنے والی لاشوں کو فارنسک میڈیکل انسٹی ٹیوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔آندری نبیتوف کے مطابق کیف ریجن کے شیوچینکو گاؤں میں ملنے والی کچھ لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیو چینکو گاؤں سے ملنے والی لاشیں عام شہریوں کی ہیں، ان کے جسموں پر تشدد اور گولیوں کے نشانات ہیں۔ آندری نبیتوف نے یہ بھی کہا کہ روسی فوج کے انخلا والے علاقوں سے ہر روز ملبے کے نیچے اور اجتماعی قبروں میں مزید لاشیں مل رہی ہیں۔










