یوم عاشورہ کے موقعہ پر سیول لائنز میں بندشیں

سری نگر//محرم الحرام کے دسویں روز یوم عاشورہ کے موقعہ پر ممکنہ طورپرعزاداری کے جلوس برآمدہونے کے پیش نظر مائسمہ سمیت سیول لائنز کے کئی علاقوں میں جمعرات کوحکام نے بندشیں عائد کردیں۔تاہم شہر میں کچھ ایک مقامات کے علاوہ پٹن اوربڈگام کے کئی دیہات میں عاشورہ کے جلوس نکالے گئے ،جن میں سینکڑوں عزاداروںنے شرکت کی ۔ کشمیرنیوز سروس کے مطابق 8محرم کوبندشوں کے باجود شہرمیں کئی مقامات سے جلوس نکالنے کی کوششوں اوراس دوران جہانگیرچوک میں پیش آئے واقعے کے پیش نظر جمعرات کوحکام نے سیول لائنز میں قدرے زیادہ سخت بندشیں عائدکردیں ۔حکام نے دفعہ144کے تحت مائسمہ علاقہ کوسیل کردیاتاکہ یہاں سے عاشورہ جلوس برآمد نہ ہوسکے ۔مائسمہ کی جانب جانے والی سڑکوں اورگلیوں کے نکڑوں پرخاردار تاریں بچھائی گئی تھیں جبکہ بڈشاہ چوک میں پولیس وفورسزکی اضافی نفری کوتعینات رکھاگیا تھا۔اس دوران سیول لائنز کے دوسرے علاقوں بشمول آبی گزر ،لالچوک ،گھنٹہ گھر اورریگل چوک کے نزدیک بھی سڑکوں اورگلی کوچوں نیز چوراہوں پرخاردار تاریں ڈالی گئی تھیں ،جس وجہ سے یہاں گاڑیوں کی آمدورفت نہیں ہوسکی اورپیدل چلنے والے لوگوں کوبھی مشکل پیش آئی ۔شہر کے سیول لائنز علاقہ کیساتھ ساتھ کچھ دوسرے علاقوں میں بھی سیکورٹی انتظامات سخت کئے گئے تھے اورکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس وفورسزکے اضافی دستوں کوتمام حساس علاقوں میں تعینات کردیاگیاتھا ۔اس دوران یوم عاشورہ کوسخت بندشوں کے چلتے سیول لائنز میں صورتحال پُرامن اورپوری طرح سے کنٹرول میں رہی ،تاہم اس دوران جہانگیر چوک سمیت شہر کے کچھ علاقوں سے عاشورہ کے جلوس برآمدہونے کی اطلاع ملی ۔اُدھر پٹن اوربڈگام ضلع کے کچھ دیہات میںعزاداروںنے یو م عاشورہ کے موقعہ پرپُرامن جلوس نکالے اورامام حسین ؓ اوراُنکے ساتھیوں کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت اوراحترام کااظہارکیا ۔