صوبائی کمشنر نے بخشی سٹیڈیم میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائینہ کیا
سری نگر//صوبہ کشمیرمیں 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کی وسیع تیاریوں کے سلسلے میں ہفتہ کے روز فل ڈریس ریہرسل کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 26 ؍جنوری کو ہونے والی قومی تقریب کی شاندار اور حب الوطنی کے جذبے کی جھلک پیش کی گئی۔ریہرسل میں مختلف دستوں کی شاندار مارچ پاسٹ اورطلبأ و ثقافتی گروپوں کی دلکش پیشکش شامل تھیں جنہوں نے حب الوطنی، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کی اَقدار کو اُجاگر کیا۔
سری نگر۔صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے بخشی سٹیڈیم سری نگر میں فل ڈریس ریہرسل کے موقعہ پر قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ مارچ پاسٹ میں پولیس، سی آر پی ایف، این سی سی کیڈٹوں، طلبأ اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے دستوں نے حصہ لیا۔پریڈ کے بعد مختلف فنکار گروپوں اورطالب علموں نے حب الوطنی پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کئے جن کا مقصد لوگوں میں قومی جذبہ بیدار کرنا تھا۔ اِس موقعہ پر آئی جی پی کشمیر، ڈِی آئی جی سینٹرل کشمیر،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ، کمشنر ایس ایم سی، ایس ایس پی سری نگر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔اِس سے قبل صوبائی کمشنر نے بلیدان ستمب پر شہدأ کو گل دائرے چڑھائے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صوبائی کمشنر کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وِجے کمار بردی، ڈِی آئی جی سینٹرل کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور دیگر افسران بھی تھے۔اِس موقعہ پر انشل گرک نے خطاب کرتے ہوئے یومِ جمہوریہ کی پیشگی مُبارک باد پیش کی اور کہا کہ بخشی سٹیڈیم میں شاندار تقریب کو یقینی بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام پریڈ دستے اورشرکأ کافی عرصے سے سخت محنت کے ساتھ قومی ایونٹ کے لئے تیاری کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موسم کی وجہ سے آنے والی رکاوٹوں کے باوجود متعلقہ محکموں نے دِن رات کام کر کے تمام اِنتظامات مکمل کئے۔صوبائی کمشنر نے ایک بار پھر سری نگر اور وادی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یومِ جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کریں اور شرکأ سے درخواست کی کہ وہ صبح 8.30 بجے تک تقریب گاہ میں بیٹھ جائیں۔
بڈگام۔یومِ جمہوریہ 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریب منعقد کی گئی۔ اے ڈِی سی بڈگام معراج الدین شاہ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ مارچ پاسٹ میں پولیس، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، این سی سی اور ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأ کے دستوں نے حصہ لیا۔ اِس کے علاوہ فن کاروں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ اِس موقعہ پر مختلف محکموں کے اَفسران، سینئر پولیس اَفسران، طلبأ اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
کولگام۔ ضلع پولیس لائنزکولگام میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ اے ڈِی سی کولگا م وقار احمد گیری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے اینڈ کے پولیس، ہوم گارڈز، این سی سی، خواتین پولیس اور طلبأ کے دستوں نے حصہ لیا۔اے ڈِی سی نے اَپنے خطاب میں ضلع کی ترقیاتی کامیابیوں کا ذکر کیا اور مختلف سکیموں کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں کی تفصیل بتائی۔ اِس موقعہ پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی، اے سی آر، اے ایس پی، ایگزیکٹیو انجینئروں، سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔
اننت ناگ۔ ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ اے ڈی ڈی سی سندیپ سنگھ بالی نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ مارچ پاسٹ سی آر پی ایف، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی اور مختلف سکولوں کے دستوں نے پیش کیا۔ اُنہوں نے آزادی کے متوالوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ضلع کی مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔ طلبأنے حب الوطنی اور مقامی لوک ثقافت پر مبنی پروگرام پیش کئے۔
کپواڑہ۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات 2026 کی فل ڈریس ریہرسل ڈِسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد کی گئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈِی سی) کپواڑہ گلزار احمد خان نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی،جے کے اے پی ، آئی آر پی ایف ،ہوم گارڈز اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔اے ڈِی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ اور ہندوستانی آئین کے تاریخی پس منظر اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے ضلع میں رواں مالی برس کے دوران ہونے والی مختلف اہم پیش رفتوں کو بھی اُجاگر کیا۔اس موقعہ پر اے ایس پی کپواڑہ، اے سی ڈی، سی ای او کے علاوہ محکمہ سول اور پولیس کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے۔اس دوران ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ہندواڑہ میں بھی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں تحصیلدار ہندواڑہ نوید احمد بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اورجے کے پی ، جے کے اے پی، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی آر پی اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔اس موقعہ پر سول انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔لولاب اور کرناہ سب ڈویژنوں میں بھی فل ڈریس ریہرسل کی تقریب منعقد کی گئی جہاں متعلقہ تحصیلداروں نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ سکولی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے۔ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔
بارہمولہ۔ضلع پولیس لائنز بارہمولہ میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ اے ڈِی سی سیّد الطاف حسین موسوی نے قومی ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ طلباءنے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے اور انتظامیہ نے 26 ؍جنوری کی مرکزی تقریب کے کئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأ نے ریہرسل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ثقافتی پرفارمنس کے ساتھ حاضرین کو محظوظ کیا۔ رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں نے علاقے کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کیا اور حاضرین میں حب الوطنی کے جذبے کو ابھارا۔اس موقعہ پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، حصہ لینے والے دستے، طلبأ اور عملہ موجود تھے۔
بانڈی پورہ۔ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں مرکزی فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی جہاں اے ڈِی سی ظفر حسین شوال نے قومی پرچم لہرایا اور مختلف دستوں سے سلامی لی۔اے ڈِی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ضلع میں ہونے والی ترقیاتی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے عوامی بہبود، مؤثر حکمرانی اور مختلف سرکاری سکیموں اور پروگراموں کے احسن کامیاب کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ طلبأنے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ ضلع کے مختلف مقامات پر بھی ریہرسل منعقد کی گئی۔اس دوران ضلع بھر میں سب ڈویژن، تحصیل اور بلاک کی سطح پر فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔ سنبل میں تحصیلدار سنبل سید شبر سرور نے اری گیشن کالونی میں قومی پرچم لہرایا جبکہ گریز میں تحصیل دار گریز نے قومی پرچم لہرایا۔
پلوامہ۔ ضلع پولیس لائنز پلوامہ میں اے ڈِی سی ڈاکٹر ایس ایم اشرف نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کے دستوں کی سلامی لی۔ مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، ڈِسٹرکٹ پولیس، جے کے پی خواتین ونگ، آئی آر پی، جے کے اے پی، ہوم گارڈ، کمانڈنٹ فورسز، این سی سی رضاکاروں اور ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے سکولی بچوں سمیت مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے دستے شامل تھے۔ اِس موقعہ پر حب الوطنی پر مبنی ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ اے ڈِی سی نے اَپنے خطاب میں ضلع کے نمایاں ترقیاتی سنگ میلوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی، ترقی اور ترقی کو فروغ دینے میں انتظامیہ اور عوام کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ اونتی پورہ میں بھی اِسی طرز کی ریہرسل تقریب منعقد ہوئی۔
گاندربلْ۔اے ڈِی ڈِی سی منظور احمد بٹ نے قمریہ سٹیڈیم گاندربل میںقومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر دستوں سے سلامی لی۔مارچ پاسٹ میں مختلف سیکورٹی فورسز، پولیس، طلبأاور بینڈ نے حصہ لیا۔ طلبأ نے ’’وندے ماترم‘‘ اور دیگر حب الوطنی و لوک رقص پر مبنی پروگرام پیش کئے۔ اے ڈِی ڈِی سی نے اَپنے خطاب میں ضلع کی اِنتظامی و ترقیاتی کامیابیوں اور نوجوانوں و خواتین کو بااِختیار بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس گاندربل خلیل احمد پوسوال ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید فہیم بیہقی، ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس؛ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
شوپیاں۔اے ڈِی سی ڈاکٹر ذاکر حسین فاض نے ضلع پولیس لائنز شوپیاں میں قومی پرچم لہرایا، سلامی لی اور پریڈ کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمارے آزادی کے متوالوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں آئین کی اَقدار کی پاسداری کا سبق دیتا ہے۔ اس موقعہ پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔










