بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے قصبہ سمبل میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے عید سے قبل رکی پڑی اجرتوں کو واگزار کرنے کی مانگ کی۔جے کے این ایس کے مطابق پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ یعنی محکمہ بجلی سے وابستہ عارضی ملازمین نے سمبل، بانڈی پورہ میں پی ڈی ڈی کے دفتر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تین ماہ سے رکی پڑی اجرتوں کو واگزار کرنے کی مانگ کی۔احتجاج کر رہے عارضی ملازمین نے عید سے قبل اجرتیں واگزار کرنے کی مانگ کی تاکہ وہ بھی اپنے اہل و عیال کے ساتھ احسن طریقے پر عید کی خوشیاں منا سکیں۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی زندگیاں بے رنگ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عارضی ملازمین معاشی طور پر خستہ ہو چکے ہیں جس کے سبب انہیں متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔احتجاجی عارضی ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ ایک تو وہ انتہائی کم اجرتوں پر کام کرتے ہیں اور مستقل ملازمین سے زیادہ ڈیوٹی انجام دیتے ہیں تاہم اس کے باوجود اُنہیں محکمہ وہ معاوضہ فراہم نہیں کرتا جس کے وہ مستحق ہیں۔انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ پی ڈی ڈی سمیت انتظامیہ سے رکی پڑی اجرتوں کو عید سے قبل واگزار کرنے کی مانگ کی۔










