یومِ جمہوریہ 2026،ایم اے سٹیڈیم جموں میں فل ڈریس ریہر سل کا اِنعقاد

جموں//ایم اے سٹیڈیم جموں میں 77ویں یومِ جمہوریہ 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریب حب الوطنی کے جوش، جذبے اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ منعقد کی گئی۔صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے قومی ترنگا لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور شاندار مارچ پاسٹ میں دستوں سے سلامی لی۔پریڈ میںآرمی، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی آر پی، جے کے پی، جے کے اے پی، یو ٹی ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، جے اینڈ کے فارسٹ پروٹیکشن فورس، ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن محکمہ، سابق فوجیوں، این سی سی کیڈٹوں، بھارت سکائوٹس اینڈ گائیڈز، جے کے اور جموں کے مختلف سکولوں کے طلبأ پر مشتمل مرد و خواتین دستوں نے حصہ لیا۔ بی ایس ایف، جے کے پی، جے کے اے پی، فوج اور سکولی طلبأ کے پائپ اور براس بینڈز نے مارچ پاسٹ کے دوران دھنیں بجائیں۔اِس موقعہ پر’’آپریشن سندور‘‘، ’’مشن یووا‘‘، سڑک تحفظ:’’مشترکہ ذمہ داری، بیداری جان بچاتی ہ‘‘، ’’نشہ مکت جموں کشمیر‘ ‘،’’شرم کو سمان، ادھیکار ایک سمان‘‘ ،’’سشکت شرمک‘‘، ’’جی ایس ٹی اصلاحات 2.0: شہریوں کے لیے فوائد‘‘ اور ’’خوراک کی حفاظت ۔ صحیح بھوجن، بہتر جیون‘‘جیسے موضوعات پر مبنی جھانکیوں کے ذریعے حکومت کی مختلف پہل اور کامیابیوں کو اُجاگر کیا گیا۔سکولی بچوں اور جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجز کے فنکاروں نے ’’آج کا ہندوستان‘‘، ’’تاریخ کی گونج‘‘ اور ’’وندے ماترم‘‘ جیسے موضوعات پر مبنی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ثقافتی پروگراموں میں قومی یکجہتی، کثرت میں وحدت، ہم آہنگی اور جموں و کشمیر یو ٹی کی مشترکہ تہذیب کی عکاسی کی گئی۔ اِس کے علاوہ قومی نغمہ ’’وندے ماترم‘‘، لوک موسیقی اور رقص بھی پیش کئے گئے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ’’ڈیئر ڈیولز‘‘نے موٹر سائیکل ایکروبیٹکس کے شاندار اور سنسنی خیز مظاہرے سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔اس موقعہ پر یو ٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، نوڈل افسران اور متعلقہ انچارج موجود تھے۔