اننت ناگ//بی جے پی کی جموں و کشمیر شاخ کے صدر رویندر رینہ نے منگل کے روز کہا کہ اسمبلی انتخابات جلد ہی ہونے والے ہیں اور پارٹی کو اُمید ہے کہ جموں وکشمیر میں وزیر اعلی بھاجپا کا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ افغان بہادر قوم ہے اور صدیوں سے ہمارے دوست ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں منعقدہ بی جے پی کارکنوں کے پروگرام کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کی جموں و کشمیر شاخ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ پارٹی کارکن پورے وادی کشمیر میں مختلف اجلاس منعقد کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اُمید ہے کہ جموں وکشمیرمیں جلداسمبلی انتخابات ہونگے اوربھاجپا کامیابی حاصل کرے گا ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پوری اُمید ہے کہ اگلا وزیراعلیٰ بھاجپا کاہی ہوگا۔رویندررینانے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی پر اعتماد بحال کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات میں فتح یاب ہوگی اور جموں وکشمیر میں اپنا وزیر اعلی بنائے گی۔ جے اینڈ کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے بھی پارٹی کی پالیسیوں اور عملی ماحول پر بات کی۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کے بہتر کام کاج کے لئے ریاست میں پارٹی قیادت پر اعتماد کریں۔اس موقعہ پر بی جے پی کے یو ٹی نائب صدر صوفی یوسف ، جنوبی کشمیر انچارج ویر صراف اور ضلعی صدر اننت ناگ ایڈووکیٹ وجہت حسین اور پارٹی کے نیشنل کونسل ممبر، رفیق وانی بھی موجود تھے۔










