amarnath yatra 2024

یاتریوں کی حفاظت کے پیش نظر3 اگست تک یاترا معطل

جڑواں راستوں پر “فوری مرمت اور دیکھ بھال کے کام” شروع کیے جا رہے ہیں

سری نگر// یاتریوں کی حفاظت کے پیش نظر سالانہ امرناتھ یاترا جمعہ کو 3 اگست تک معطل کر دی گئی کیونکہ شدید بارش کے بعد یاترا کے جڑواں راستوں پر “فوری مرمت اور دیکھ بھال کے کام” شروع کیے جا رہے ہیں۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح، جبکہ یاترا پہلگام کے راستے سے معطل رہی اور یاتریوں کے کسی نئے جتھے کو گپھا تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی، یاترا کو بالتل کے راستے سے جانے کی اجازت دی گئی ۔تاہم، بھاری بارش کی وجہ سے، یاترا کو بعد میں بالتل روٹ سے بھی روک دیا گیا اورجموں کے بگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کی آمد و رفت مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے شری امرناتھ جی یاترا روٹ کے بالتل ایکسس پر مرمت اور دیکھ بھال کے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یاتریوں کی حفاظت کے مفاد میں بالتل روٹ سے بھی 3 اگست کو کسی یاترا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام نے کہاہے کہ وقت آنے پر مزید اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔ایک افسربھیدوری نے کہا کہ پہلگام اور بالتل دونوں محور پر یاترا کے علاقے میں حالیہ شدید بارشیں ہوئی ہیں، اور اس لیے اس بھاری بارش کے بعد بالتل ایکسس پر فوری نوعیت کے دیکھ بھال کے کام انجام دینے کی ضرورت ہے۔کشمیر میں موسلادھار بارش نے سڑکوں کو غیر محفوظ بنا دیا تھا، جس کے بعد بدھ کو بالتل اور پہلگام دونوں راستوں پر یاترا کو معطل کر دیا گیا تھا۔ڈویژنل کمشنر نے مزید کہا کہ یاترا کے پہلگام روٹ پر ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے کام پہلے ہی کئے جا رہے ہیں۔17 جولائی کو کشمیر کے جڑواں بیس کیمپوں میں شدید بارش کی وجہ سے یاترا کو روک دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک 4.05 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے گپھاکادرشن کئے ہیں جموں کے بیس کیمپ سے 2 جولائی سے اب تک کل 1,44,124 یاتری وادی کے لیے روانہ ہوئے ہیں، جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلی کھیپ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔پچھلے سال، 5.10 لاکھ سے زیادہ زائرین نیگپھا کے درشن کئے ہوئے ہیں جس میں قدرتی طور پر بنی برف کا لنگم ہے۔