ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم محکمہ نے جی آئی مہااُتسو نئی دہلی میں شرکت کیلئے کاریگروں کو روانہ کیا

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے جی آئی رجسٹرڈ دستکاریوں کے فروغ کو تقویت دینے کے لئے نمائش گاہ سے 6 کاریگروں کے ایک گروپ کو جی آئی مہااُتسو میں شرکت کے لئے روانہ کیا۔ یہ مہااُتسو 18؍ دسمبر سے 21 ؍دسمبر تک نوئیڈا ہاٹ نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔یہ مہااُتسو ملک بھر سے جی آئی کاریگروں اور فروخت کنندگان کو ایک مضبوط قومی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ اَپنی منفرد مصنوعات کی نمائش کر سکیں، خریداروں کے ساتھ روبرو مارکیٹ روابط قائم کریں اور ملک کی متنوع ثقافت اور دستکاری کی روایتوں کا جشن منا سکیں۔محکمہ کے ایک ترجمان نے آج جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ کاریگر وگگو، نمدہ، اخروٹ ووڈ کاروِنگ ، کریول، چین سٹچ اور کشمیری ٹوئیڈ جیسی جی آئی رجسٹرڈ دستکاریوں میں کشمیر کی نمائندگی کریں گے۔ یہ تجارتی میلہ وزارتِ ایم ایس ایم اِی کی طرف سے پی ایچ ڈِی چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری کے اِشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔کشمیر میں اس وقت 15 جی آئی رجسٹرڈ دستکاریاں موجود ہیںجن میں سے 8 کو رواں برس اپریل میں جی آئی رجسٹری چنئی نے رجسٹر کیا جس میں زوال پذیر دستکاریاں جیسے وگگو، نمدہ اور گبّہ بھی شامل ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کاریگر کشمیر کی عالمی سطح پر مشہور ہاتھ سے بنی مصنوعات کی نمائندگی کریں گے جو خطے کی غیر معمولی ہنرکاری، اصلیت اور صدیوں پرانی ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ان کی شرکت سے مارکیٹ مواقع پیدا ہونے ، جی آئی میں بیداری بڑھانے اور قومی سطح پر کشمیری دستکاریوں کی پہچان کو مضبوط بنانے کی توقع ہے۔‘‘ محکمہ نے کاریگروں کو روانہ کرتے ہوئے کشمیر کی روایتی دستکاریوں کے تحفظ، فروغ اور تحفظ کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کیا اورکاریگروں کو قومی پلیٹ فارموں تک رَسائی، بہتر مارکیٹ روابط اور اِدارہ جاتی تعاون کے ذریعے بااِختیار بنانے پر زور دیا۔