جموں// ہوم فار ایجڈ اینڈ انفِرم کی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم)امپھلہ جموں میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر سنجیو ورما مہمانِ خصوصی تھے۔تمام اَرکان نے مرحوم آئی ڈی سونی صدر ہوم اور ہوم کے فوت شدہ مکینوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔قائم مقام سیکرٹری ڈاکٹر دنیش گپتا نے میٹنگ کو بتایا کہ صدر اور نائب صدر کی عدم موجودگی میں میٹنگ کی صدارت سینئرترین رُکن آئی جی پی ( ریٹائرڈ) ،سابق صدر اور ہوم کے سرپرست پریم گپتا کریں گے۔ اِس کے بعد ایجنڈا کے نکات کو ایک ایک کر کے بحث اور منظوری کے لئے پیش کیا گیا۔ ایوان نے متفقہ طور پر 29 ؍دسمبر 2024 کو منعقدہ گزشتہ اے جی ایم کی کارروائی کی توثیق کی جس کے بعد مالی برس 2024-25 کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی اور منظور کی گئی۔ اِسی طرح مالی برس 2024-25 کے آڈِٹ شدہ کھاتوں کو بھی پیش کیا گیا اور منظوری دی گئی۔ اراکین نے مزید مالی برس 2025-26 کے بجٹ تخمینوں اور موجودہ شرائط و ضوابط پر آڈیٹرز کی تقرری کی بھی منظوری دی۔جنرل باڈی نے منیجنگ کمیٹی کے اس فیصلے کی متفقہ طور پر توثیق کی جس کے تحت لائف ممبرشپ فیس 5,500 روپے اور سالانہ ممبرشپ فیس 2,000 روپے مقرر کی گئی۔ اِس کے علاوہ ساوتری دیوی جاگیری لال چیئر ٹیبل ٹرسٹ جموں کے اشتراک سے ہوم کے احاطے میں ایک مفت ایلوپیتھک ڈسپنسری کے قیام اور مفت فزیوتھراپی سینٹر کی دوبارہ شروعات کی بھی منظوری دی گئی۔ سی ایس آر کے تحت کسی ایجنسی کے ذریعہ ہوم کے دونوں رہائشی بلاکوں کی بیرونی اور اندرونی پینٹنگ کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔اِنتخابی عمل کے دوران موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر اِنجینئر پنکج گپتا کو صدر اور ڈاکٹر دنیش گپتا کو ہوم فار ایجڈ اینڈ انفِرم کا سیکرٹری تین سالہ مدت کے لئے منتخب کیا۔سنجیو ورما نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ شہریوں کی فلاح و وقار کے لئے ہوم کی جانب سے انجام دی جانے والی قابلِ ستائش انسانی خدمات کو سراہا اور ایسے نیک اقدامات کے لئے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کی۔اُنہوں نے ان عطیہ دہندگان کی بھی سراہناکی جنہوں نے بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے بھرپور تعاون کیا ہے۔پرتیم چند جنہوں نے 35 برس تک وارڈن کے طور پر خدمات انجام دیں، کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایک توصیفی سند اور 11,000 روپے کا چیک پیش کیا گیاجو مہمانِ خصوصی اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے پیش کیا۔










