تمام مسائل کا حل مذاکرات میں مضمر ،دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں
سرینگر // امریکہ نے ایک بار پھر ہند پاک کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے ثالثی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات میں مضمر ہے اور دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں ۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان پر پاکستان کے الزامات کے بعد حالات کے بیچ میں نہیں آئے گا اور اس نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب ان سے برطانوی میڈیا کی حالیہ رپورٹ پر واشنگٹن کے موقف کے بارے میں پوچھا گیا جس میں پاکستانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ ہندوستان نے پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے وابستہ افراد کی ہلاکتیں کیں۔ انہوں نے کہا ’’ ہم اس معاملے کے بارے میں میڈیا رپورٹس کی پیروی کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس بنیادی الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں ہے، لیکن یقیناً، جب کہ ہم اس صورتحال کے بیچ میں نہیں آنے والے ہیں، ہم دونوں فریقین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ کشیدگی سے گریز کریں اور بات چیت کے ذریعے حل تلاش کریں۔ ‘‘ خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے شکار دہشت گردی کے مرتکب افراد کے ساتھ نہیں بیٹھتے‘‘۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، جے شنکر نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ’’ہتھیار سے متعلق دہشت گردی‘‘ کے ریمارکس پر تنقید کی۔










