اننت ناگ میں 5.66 کلو گانجا برآمد، اشمالی و جنوبی کشمیر میں4منشیات فروش گرفتار
سرینگر//یو این ایس//جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس نے دو علیحدہ کارروائیوں میں بڑی مقدار میں منشیات ضبط کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ آر ایس پورہ سیکٹر میں ڈرون کے ذریعے بھیجی گئی ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ اننت ناگ میں ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے 5.66 کلو گانجہ ضبط کیا گیا۔یو این ایس کے مطابق جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں اور بی ایس ایف اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران بین الاقوامی سرحد کے قریب چار کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کی، جس کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ منشیات پاکستانی ڈرون کے ذریعے دو الگ کھیپوں میں گرائی گئی تھیں، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ضبط کر لیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوششوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیش نظر حساس علاقوں میں نگرانی اور زمینی آپریشنز کو مزید سخت کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مقامی رابطوں اور اسمگلنگ نیٹ ورک کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ تکنیکی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر بھی معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تقریباً 5.66 کلو گرام گانجہ نما مادہ برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق سنگم پولیس پوسٹ کی ٹیم نے دونی پورہ، ویٹا کالج کے قریب معمول کی گشت کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا اور تلاشی لینے پر اس کے پاس سے منشیات برآمد کی۔گرفتار شخص کی شناخت ساحل فیاض ڈار ولد فیاض احمد ڈار ساکن کے وی پورہ مرہامہ کے طور پر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بیجبہاڑہ میں ایف آئی آر نمبر 28/2026 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں اور اندرونی اضلاع میں منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ بین السرحدی منشیات نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔اس دوران جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کے روز شمالی اور جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے چرس، کوڈین فاسفیٹ اور گانجا جیسی ممنوعہ اشیاء برآمد کیں۔یو این ایس کے مطابق پولیس کے مطابق، ضلع بارہمولہ کے جانباز پورہ علاقے میں مخصوص اطلاع کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں ایک شخص منشیات فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم، جس کی شناخت ریاض احمد خان ولد ساکن جنباز پورہ کے طور پر ہوئی، کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 58 گرام چرس برآمد ہوئی۔ایک اور واقعہ میں شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں پولیس پوسٹ وارپورہ کی ٹیم نے بوٹنگو ہیرپورہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس نما مادہ اور کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ملزم کی شناخت نثار احمد ملا ولد ساکن مقام شہید میر کے طور پر کی گئی ہے۔










