نئی دہلی /ایجنسیز//میلیٹرنی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے فرانس سے مزید 31 رافیل کیریئر بیسڈ لڑاکا طیارے خریدنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان کے MRFA پروگرام کے تحت 114 طیاروں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جبکہ ہندوستانی بحریہ کے لیے اضافی جدید طیارے شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریلائنس ڈیفنس اور ہندوستان ایروانٹکس لمیٹڈ اس منصوبے میں پروڈکشن پارٹنرز ہوں گے، اور رافیل طیاروں کے کچھ فریم ہندوستان میں تیار کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ فرانس کی جانب سے جدید AASM ہتھیاروں اور بعض اہم اجزا کی تیاری کے حقوق بھی منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو ہندوستان کے مجموعی طور پر آرڈر کیے گئے رافیل طیاروں کی تعداد 145 ہو جائے گی۔ اس سے قبل 2016 میں ہندوستان نے ڈسالٹ ایوی ایشن کے ساتھ 36 طیاروں کی خریداری کا 7.87 ارب یورو مالیت کا معاہدہ کیا تھا، جس کی فراہمی مکمل ہو چکی ہے۔ بعد ازاں 2025 میں ہندوستانی بحریہ کے لیے 26 رافیل ایم لڑاکا طیاروں کا آرڈر دیا گیا تھا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق نئے معاہدے سے ہندوستان کی فضائی اور بحری دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔










