ہندوستان بھی 50 فیصد ٹیرف لگائےکوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا: ششی تھرور

نئی دہلیْایجنسیز//امریکی صدر ٹرمپ نے ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف لگایا جس پر ملک میں سیاسی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہاکہ اگر امریکہ ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف لگارہا ہے تو ہندوستان کو بھی امریکی برآمدات پر اتنا ہی ٹیرف عائد کرنا چاہیے۔ ہم کسی ملک سے کم نہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی دھمکی دے سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صرف تجارتی بنیادوں پر دو طرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔اگر امریکہ ہمارے تعلقات کی اہمیت نہیں سمجھتا، تو ہمیں بھی یکطرفہ سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں رہنے والے ہندوستانیوں کو بھی اس کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے کیونکہ اگر ہر چیز 50 فیصد مہنگی ہو جائے گی تو امریکی خریدار ہندوستانی مصنوعات خریدنے سے پہلے کئی بار سوچیں گے۔ہماری امریکہ کے ساتھ تقریباً 90 ارب ڈالر کی تجارت ہے۔ اگر اس پر ٹیرف لگا تو صرف ہندوستان نہیں بلکہ امریکی معیشت بھی متاثر ہوگی۔ہندوستانی وزارت خارجہ نے بھی امریکہ کے اس اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ عالمی تجارتی اصولوں کیخلاف بھی ہے۔ہندوستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔