ہندوارہ کی شال فروش کی پنجاب میں پُراسرارموت

ہندوارہ کی شال فروش کی پنجاب میں پُراسرارموت

سری نگر// لاپتہ ہونے کے ایک دن بعد، شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کی ہندواڑہ تحصیل کا ایک 35 سالہ شخص جمعہ کو پنجاب کے فیروز پور علاقے میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا، اس کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اس کا قتل کیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق 3 معصوم بچوں کے باپ مشتاق احمد میر ولد حبیب اللہ میرساکنہ سراج پورہ ہندوار کولاپتہ ہونے کے ایک دن بعدجمعے کی صبح ریاست پنجاب کے علاقے فیروز پور میں پراسرار حالات میں مردہ پایاگیا۔متوفی یامقتول کے اہل خانہ نے بتایاکہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے فیروز پورپنجاب میں کشمیر شالیں فروخت کر رہا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر کو وہ اپنے صارفین سے ادائیگی وصول کرنے گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا جس کے بعد اس کے شراکت داروں کی طرف سے گمشدگی کی رپورٹ نزدیکی پولیس تھانے میں درج کرائی گئی ۔لواحقین نے بتایاکہ وہ پچھلے10 سالوں سے پنجاب جا رہا تھا اور وہاں اپنی روزی کما رہا تھا اور جمعرت کو شام 8بجے ہمیں پتہ چلا کہ وہ لاپتہ ہے جب کہ اس کا فون بند تھا جس نے ہمیں اور بھی پریشان کر دیا۔غمزدہ لواحقین نے الزام لگایا کہ مشتاق احمد میر کو قتل کیا گیا ۔انہوں نے انصاف اور مجرموںکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔لواحقین نے بتایاکہ جمعے کی صبح انہیں معلوم ہوا کہ مشتاق احمد میر کی لاش ایک کھیت سے ملی ہے۔غمزدہ خاندان نے کہاکہ مشتا ق احمدکوقتل کیاگیاہے، ہم صرف انصاف چاہتے ہیں، ہم حکومت سے اس کی مکمل تحقیقات کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ مشتاق ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا تھا اور اُسکی پُراسراروالمناک موت سے اُس کی بودھی ماں،ایک معذور بہن اور بیوی سمیت 2کمسن بچے بے سہاراہوگئے ،کیونکہ وہ اس غریب کنبے کاوحدکفیل تھا۔