ہم اپنے مقصاد کو پورا کرنے کیلئے جمہوری طریقہ پر چلتے رہیں گے ۔ امت شاہ

وزیرداخلہ کا کولکتہ میں بی جے پی یوامورچہ کارکن کے قتل کی سی بی آئی سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ

سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاہے کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تشدد اور غنڈہ گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کولکتہ میں بی جے پی کارکن کے قتل کے معاملے کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح بی جے پی کارکنوں کو مارکر ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیرداخلہ امت شاہ نے کولکتہ کے کوشی پور علاقے میں، بی جے پی یوا مورچہ کارکن ارجن چورسیا کے، بقول ان کے سیاسی قتل کی،CBI سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں تشدد کا ایک کلچر اور خوف وہراس کا ماحول جاری ہے۔امت شاہ، جو ریاست کے دو روزہ دورے پر ہیں،اِس خبر کے پھیلنے کے بعد چورسیا کے گھر گئے کہ انہیں پراسرار حالات میں ایک خالی پڑی ہوئی عمارت میں لٹکتا ہوا پایاگیا۔ جناب شاہ نے اِس جرم کے قصوروار کو، عدالت کی طرف سے سخت ترین سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ، چورسیا کی موت پر نہایت سنجیدگی کے ساتھ غور کررہی ہے اور اْس نے اِس سلسلے میں ایک رپورٹ طلب کی ہے۔وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی کسی بھی ریاست یا علاقے میں تشدد اور غنڈہ گردی کو پنپنے نہیں دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے کسی کارکن کی ہتیا سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور ہم اپنے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے جمہوری طریقہ کار پر چل کر کام کرتے رہیں گے ۔