نئی دہلی/ایجنسیز// ہندوستانی کرکٹ کے لیجنڈری بیٹر سنیل گواسکر کے ایک بیان نے کرکٹ مداحوں اور ماہرین کے درمیان زبردست بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں گواسکر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہرشیت رانا جیسے بولر ہندوستان کی ہر گلی میں مل جاتے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ایک عام بولرکو تینوں فارمیٹس میں کیوں موقع دیا جا رہا ہے۔یہ بیان مبینہ طور پرکولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے نوجوان فاسٹ بولر ہرشیت رانا کے حوالے سے دیا گیا ہے، جنہوں نے حالیہ آئی پی ایل سیزن میں اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کی تھی۔ تاہم ان کے بین الاقوامی انتخاب پر بعض حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔گواسکر جیسے سینئر تجزیہ کارکی جانب سے اس طرح کی تنقید سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین دو حصوں میں تقسیم دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک طبقہ ان کی رائے سے متفق ہے کہ ہندوستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں کئی باصلاحیت بولرز موجود ہیں جنہیں زیادہ مواقع ملنے چاہییں، جبکہ دوسرا طبقہ سمجھتا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ابتدا میں سخت تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔گواسکر سے منسوب اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر اس تبصرے نے گرما گرم بحث کو جنم دے دیا ہے۔ادھر کرکٹ ماہرین نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کو ہرشیت جیسے نوجوان بولرزکو مناسب رہنمائی اور مواقع دینے چاہییں تاکہ وہ بین الاقوامی معیار پر خود کو ثابت کر سکیں۔اہم سوال یہ ہے کہ کیا گواسکر کا یہ بیان درست تنقید ہے یا محض ایک غلط طور پر منسوب تبصرہ؟ لیکن فی الحال کرکٹ برادری میں اس پر بحث زوروں پر ہے۔
