محنت کشوں کاعالمی دن ،EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی مشترکہ تقریب

ہرسو بجلی کٹوتی پرلوگ نالاں وپریشان

موسم سرما شروع ہونے سے پہلے ہی بجلی سپلائی کے شیڈول میں غیرمعمولی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور ہرسو بیشتر اوقات گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ کے بیشتر دیہات میں بجلی کی آنکھ مچولی اور پسماندہ علاقوں میں گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے ۔جبکہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ،پلوامہ ،شوپیان اور کولگام کے علاوہ سرینگر سمیت وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع کے بیشتر علاقوں میں کٹوتی کا سلسلہ شروع ہواہے اور پریشان حال ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ شمال وجنوب میں بجلی کی عدم دستیابی کو لیکر لوگ سڑکوں پر آکر محکمہ پی ڈی ڈی کیخلاف زور دار احتجاج کرتے رہتے ہیں تاہم کافی یقین دہانیوں کے باوجود بھی کوئی ٹھوس اور پائیدار حل تلاش نہیں کیا جارہا ہے اور لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔کئی علاقوں سے لوگوں نے کے پی ایس کو فون کرکے بتایا کہ ابھی موسمی حالات ٹھیک ہیں لیکن محکمہ بجلی نے کٹوتی شروع کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال لوگوں کو یقین تھا کہ موجودہ انتظامیہ حسب وعدہ بجلی کی سپلائی شیڈول کے مطابق کرکے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانیوں میں نہیں دھکیل دیں گے لیکن سردیوں کے آغاز میں ہی آنکھ مچولی شروع ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے جہاں عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں زیر تعلیم بچوں کی تعلیم بُری طرح متاثر ہورہی ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کیلئے مرتب شدہ شیڈول کے تحت بجلی فراہم کی جائے اور دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں جدید طرز پر نصب کی جائیں تاکہ آنے والے مشکل وقت میں لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔