ہائوس کمیٹی نے کپواڑہ میں واٹر سپلائی سکیموں کا معائینہ کیا

کپواڑہ//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی طرف سے جل جیون مشن (جے جے ایم) کی سکیموں کے معائینے کے لئے تشکیل دی گئی ہاؤس کمیٹی جس کی صدارت چیئرمین حسنین مسعودی کر رہے ہیں، نے آج ضلع کپواڑہ کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ مختلف واٹر سپلائی سکیموں کی عمل آوری اور پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔کمیٹی نے دورے کے دوران ضلع کے مختلف مقامات پر کئی جل جیون مشن منصوبوں کا معائینہ کیا۔ معائینہ ٹیم میں کمیٹی ممبران کے علاوہ رُکن اسمبلی ترال رفیق احمد نائیکو، ممبر اسمبلی پٹن ریاض احمد بیدار، مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن خورشید احمد شاہ، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر ہائیڈرولک سرکل کپواڑہ، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر (میکنیکل)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسمبلی سیکرٹریٹ، ایگزیکٹیو اِنجینئران اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔چیئرمین نے سب سے پہلے گل گام تنگواری واٹر سپلائی سکیم کا معائینہ کیا جو 799.60 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ اُنہیں بتایا گیا کہ اس سکیم کے ذریعے تین پنچایتوں کے 671 گھروں کو صاف پینے کے صاف پانی کی سہولیت فراہم کی گئی ہے جس سے علاقے میں پانی کی رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اِس کے بعد کمیٹی نے واٹر سپلائی سکیم ہت مولہ ۔ بوبَرناگ کا دورہ کیا جہاں بتایا گیا کہ اِس منصوبے کی منظور شدہ لاگت 521.12 لاکھ روپے ہے اور اَب تک 74 فیصدفزیکل پیش رفت حاصل ہو چکی ہے۔چیئرمین نے باقی ماندہ کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔بعد ازاں ،چیئرمین نے ریجنل واٹر سپلائی سکیم وائن کپواڑہ کا معائینہ کیا جو اپنے بڑے حجم کے لئے مشہور ہے اور جس کی گنجائش پانچ لاکھ گیلن ہے۔ اُنہوں نے اس سکیم کی آپریشنل کارکردگی اور سروس کوریج کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمیٹی نے لولاب سب ڈویژن کے دور اُفتادہ گاؤں دردپورہ میں واٹر سپلائی سکیم کا معائینہ کیا جو مکمل ہو چکی ہے اور مقامی آبادی کی پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کر رہی ہے۔چیئرمین نے فیلڈ اَفسران سے بات چیت کی اور دُور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں سکیموں کی دیرپا فعالیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے کپواڑہ ضلع کے اپنے دن بھر کے دورے کے دوران نت نوسہ واٹر سپلائی سکیم اور واتین واٹر سپلائی سکیم سمیت کئی دیگر منصوبوں کا بھی دورہ کیا اور ان سکیموں کی فعالیت کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران حسنین مسعودی نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور پانی کی فراہمی کی صورتحال کے بارے میں ان کی رائے اور تجاویز حاصل کیں۔چیئرمین نے اِس بات پر زور دیا کہ ان معائینوں کا مقصد جل جیون مشن کے تحت شفافیت، معیاری عمل آوری اور پینے کے پانی کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ رُکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں اور اعلیٰ معیار برقرار رکھیں تاکہ جل جیون مشن کے فوائد ہر گھر تک پہنچ سکیں۔