31 مارچ 2026 تک بقایاجات لازما ًاداکریں ،محکمہ بجلی کا آرڈر جاری
سرینگر /// جموں و کشمیر کی حکومت نے گھریلو صارفین کو بڑی راحت دیتے ہوئے بجلی واجبات کی معافی کی اسکیم (ایمنسٹی سکیم ) میں مزید توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامہ نمبر 114-JKPDD مؤرخہ 4 اگست 2025 کے مطابق، یہ اسکیم اب 31 مارچ 2026 تک مؤثر رہے گی۔یہ فیصلہ وزارتی کونسل کے فیصلے نمبر 074142025 مؤرخہ 29 جولائی 2025 کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس توسیع کا اطلاق ان گھریلو صارفین پر ہوگا جو پہلے ہی 12 ستمبر 2022 کے سرکاری حکم نامہ نمبر 103PDD اور بعد ازاں 15 مارچ 2024 کے حکم نامہ نمبر 47JKPDD کے تحت ایمنسٹی اسکیم سے مستفید ہو رہے تھے۔اس توسیعی اسکیم کے تحت گھریلو صارفین کے ان بقایا جات پر سود اور سرچارج کی مکمل معافی (100فیصد معافی) دی جائے گی جو 31 مارچ 2025 تک واجب الادا ہوں گے۔ تاہم، اس اسکیم کے تحت وہی شرائط و ضوابط لاگو ہوں گے جو پہلے جاری شدہ حکمناموں میں مذکور ہیں۔حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ ایمنسٹی اسکیم کی آخری توسیع ہوگی اور اس کے بعد کسی بھی صورت میں اسکیم میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس لیے بجلی کے بقایاجات رکھنے والے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے واجبات نمٹا لیں تاکہ سود اور سرچارج سے مکمل چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔اس آرڈر کی کاپی چیف سیکریٹری، فائنانس سیکریٹری، پرنسپل اکاؤنٹنٹ جنرل، لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹری، جے پی ڈی سی ایل، کے پی ڈی سی ایل اور جے کے پی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر سمیت متعلقہ تمام افسران کو ارسال کی گئی ہے تاکہ وہ اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔یہ حکم نامہ ایچ راجیش پرساد، آئی اے ایس، پرنسپل سیکریٹری پاور ڈیپارٹمنٹ کی منظوری سے جاری ہوا جبکہ اس کی تصدیق زاہور اے وانی، ڈائریکٹر فنانس نے کی ہے۔ یہ فیصلہ عوامی فلاح کے پیش نظر لیا گیا ہے تاکہ عام شہریوں پر بجلی واجبات کے بوجھ کو کم کیا جا سکے، اور وہ سود اور سرچارج جیسے اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رہیں۔ محکمہ بجلی کی طرف سے اس فیصلے کو صارف دوست قدم قرار دیا جا رہا ہے۔










