گڈ گورننس انڈیکس میں جنوبی ریاستوں میں کیرالہ نمبر 1

گڈ گورننس انڈیکس میں جنوبی ریاستوں میں کیرالہ نمبر 1

کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے ریاست میں بائیں بازو کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس انڈیکس (جی جی آئی) میں کیرالہ ملک میں پانچویں اور جنوبی ریاستوں میں پہلے نمبر پر ہے۔سنٹرل اسٹیڈیم میں قومی پرچم لہرانے کے بعد اپنے خطاب میں مسٹر خان نے کہا کہ کیرالہ کی تقریباً 80 فیصد آبادی کو کووونا کے خلاف سب سے موثر ٹیکہ کاری مہم کے لیے قومی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ وباکی تیسری لہر کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پنارائی وجین کی قیادت والی حکومت نے مسلسل چوتھے سال صحت کے انڈیکس پر ریاستوں کی نیتی آیوگ کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جہیز کے لیے ہراسانی اور خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کا ہمارا فیصلہ جہیز جیسی برائیوں کو ختم کرکے صنفی انصاف کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اعلیٰ تعلیم، صحت اور اسکولی تعلیم کے شعبہ خواندگی میں حاصل کیے گئے ماڈل کو دہرانے کے لیے اپنے عزم کواور مضبوط کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ کیرالہ میں اعلیٰ معیار کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کا ایک مضبوط نیٹ ورک بنا کرہم ہندوستان کو دنیا کے علمی مرکز میں تبدیل کرنے کے قومی خواب کو پورا کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے شہری ہونے کے ناطے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم آہنگی کے اپنے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھیں اور آگے بڑھائیں ۔