گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سری نگر میں قومی گیت ’ وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کی تقریب کا اِنعقاد

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی

سری نگر//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سری نگر نے قومی گیت’وندے ماترم ‘ کی تاریخی ، ثقافتی اور حب الوطنی کی اہمیت کو مناتے ہوئے اس کے 150سال پورے ہونے کی یاد می ںایک ضلعی سطح کی تقریب کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پرایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شانت منو مہمان خصوصی تھے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیخ اعجاز بشیر، سی اِی او سری نگر، ایس ڈِی ایم ایسٹ، فیکلٹی ممبران اورطلباءکی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کا آغاز وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں قومی سطح پر منعقدہ پروگرام کی براہِ راست نشریات کے ذریعے اِجتماعی انداز میں ’وندے ماترم‘ کے ترانے سے ہوا۔ اِس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے انجام دی اور قومی ترانہ گایا گیا۔ تقریب کا آغاز ایک باوقار اور حب الوطنی سے بھرپور انداز میں ہوا۔پرچم کشائی کے بعد گورنمنٹ کالج فار وومن ایم اے روڈ سر ی نگر کے شعبہ موسیقی نے آئی اے ایس اِی کی ثقافتی کمیٹی کے اشتراک سے ’وندے ماترم‘ کا مدھر گیت پیش کیا ۔ان کی کارکردگی نے آڈیٹوریم میں گہرا جذباتی اور حب الوطنی کا ماحول پیدا کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری شانت منو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہری ذِمہ داری، حب الوطنی اورقوم کی تعمیر میں تعلیم کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِدارے کی کوششوں کو سراہا جو تعلیم کو ثقافتی ورثے سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ بن رہی ہیں۔اِس موقعہ پر شعبہ تاریخ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرشید شیخ نے’وندے ماترم‘ کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ یہ گیت بنکم چندر چٹرجی کے ناول’’آنند مٹھ‘‘ (1882ء میں شائع ہوا ) سے ماخوذ ہے اور ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں اس کا نمایاں کردار رہا ہے۔ آج بھی یہ قومی وحدت اور حب الوطنی کی علامت کے طور پر اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔پرنسپل ڈاکٹر سیما ناز نے اپنے خطبہ اِستقبالیہ میں ادارے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اتحاد، یکجہتی، اور حب الوطنی کے جذبے کو اساتذہ میں فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔کلچر کمیٹی نے پورن بخشی و منیر شاہ (بی ایڈ، دوسرا سمسٹر) کی طرف سے ایک حب الوطنی کے گیت کی پرفارمنس کا اہتمام کیا جنہوں نے ہندوستان کی ثقافتی و موسیقی وراثت کی عکاسی کی۔ ان گیتوں نے حاضرین میں قومی فخر اور یکجہتی کے جذبات کو مزید گہرا کیا۔ تقریب کے شرکأ نے وزیراعظم کے قومی خطاب کی براہِ راست نشریات دیکھی جو ملک گیر سطح پر منعقدہ پروگرام کا حصہ تھی۔ وزیراعظم کے پیغام میں قومی اتحاد، ثقافتی فخر اور ’وندے ماترم‘ میں مضمر اقدار پر زور دیا گیا جس نے سامعین میں قومی یکجہتی اور فخر کے جذبے کو تازہ کیا۔