ایک نئی اعلیٰ درجے کی 3D آپریٹنگ مائیکروسکوپ کا کیاآغاز
سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے قابل پرنسپل کی موجودگی میں، شعبہ امراض چشم نے ایک نئی اعلیٰ درجے کی 3D آپریٹنگ مائیکروسکوپ کا آغاز کیا۔ تقریب میں GMC ہندواڑہ کے پرنسپل ڈاکٹر خورشید احمد وانی، چیف اکاؤنٹس آفیسر مسٹر تصوف امین JKAS/FACAO، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمداور ادارے کے دیگر معزز فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ اطلاعات کے مطابق نئی اعلیٰ درجے کی 3D آپریٹنگ مائیکروسکوپ کاباضابطہ طور آغازکیا گیا۔اس موقعہ پر تمام معززین نے 3D موڈ میں کی جانے والی لائیو سرجری کا مشاہدہ کیا، جس میں نئے نصب شدہ مائیکروسکوپ کی جدید صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔شعبہ امراض چشم کی سربراہ ڈاکٹر آمنہ شاہ نے اس جدید ترین آلات کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرنسپل کے انمول تعاون پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اس 3D آپریٹنگ مائیکروسکوپ کی تنصیب شعبہ امراض چشم کے لیے ایک اہم اپ گریڈ کی نشاندہی کرتی ہے، جو میڈیکل کے طلبہ اور تربیت حاصل کرنے والوں کے لیے ایک طاقتور تدریسی آلہ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بہتر دیکھ بھال فراہم کرنے کا ایک ذریعہ ثابت ہوگاہے۔یہ سنگ میل طبی تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال میں مسلسل ترقی کے لیے GMCہندواڑہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ڈاکٹر آمنہ شاہ کی سربراہی میں شروع ہونے والے اس مثبت قدم کی عوامی سطح پر کافی پذیرائی ہوئی اوران کی محنت ولگن کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ادھر سیول سوسائٹی ڈنگی وچھہ کے علاوہ ڈاکٹر آمنہ کے آبائی علاقہ سے لوگوں نے ان کو اس اہم کامیابی پر تہہ دل سے مبارکباد دی ہے اورامید ظاہر کی کہ موصوفہ آئندہ بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس مشینری کو دستیاب کرائیں گی ۔