گورنر جگدیپ دھنکر کی ممتا بنرجی کو راج بھون آ کر بات کرنے کی دعوت

گورنر جگدیپ دھنکر کی ممتا بنرجی کو راج بھون آ کر بات کرنے کی دعوت

کلکتہ: مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکرنے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو راج بھون آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اور ریاست کے معاملات پر ان سے وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو لکھے خط کو ٹوئٹر پر پوسٹ بھی کیا ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گورنر کو ٹوئٹر پر بلاک بھی کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی گورنر ہاؤس اور ممتا حکومت کے درمیان اختلافات میں شدت آگئی ہے۔ ترنمول کانگریس نے گورنر کے خلاف صدر جمہوریہ اور وزیرا عظم مودی کو شکایت کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی ان کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکی ہے۔ گورنروں کے کردار پر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی بھی ترنمول کانگریس کوشش کر رہی ہے۔
اس تناظر میں، گورنر دھنکر نے وزیرا علیٰ کو راج بھون میں مدعو کیا تاکہ آئینی مسائل پر رکی ہوئی بحث کو دوبارہ شروع کیا جاسکے۔ دھنکر نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے یہ خط ممتا بنرجی کو لکھا ہے۔ خط میں گورنر نے دعویٰ کیا کہ کئی جائز سوالات کے جوابات ملنے کو کافی وقت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کچھ مسائل پر فوری طور پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ’’جمہوریت اور آئین کو محفوظ بنانے کی میری کوشش آپ کے موقف کی وجہ سے ناکام ہو رہی ہے۔‘‘ جو آئینی تعطل کا باعث بن سکتا ہے۔” گورنر نے خط میں لکھا کہ ’’اپنی سہولت کے مطابق اگلے ہفتے کسی بھی وقت راج بھون میں آجائیں‘‘۔تاہم ترنمول نے وزیر اعلیٰ کے نام گورنر کے خط کو سیاسی حربہ قرار دیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان اور ریاستی سکریٹری کنال گھوش نے دعویٰ کیا کہ گورنر کو ٹوئٹر پر ایک خط لکھنا پڑا جس میں خیر سگالی کی کمی ہے۔ وہ جو چاہیں ٹوئٹر پر پوسٹ کرسکتے ہیں!‘‘ تاہم ریاستی بی جے پی صدر سوکانت مجمدار نے اس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا علی کو گورنر کی دعوت کا جواب دینا چاہیے۔