جموں//گوجر دیش چیئر ٹیبل ٹرسٹ کے 30رکنی وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔چیئرمین گرجر دیش چیئرٹیبل ٹرسٹ ایڈ وکیٹ شاہ محمد چودھری کی قیادت میں وفد کے اَرکان نے طویل عرصے سے جاری فارسٹ رائٹس ایکٹ2006 کے مکمل عمل آوری پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔وفد نے خانہ بدوش برادری کے لئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے کا سہرایل جی انتظامیہ کو دیا جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حقوق سے محروم رہی۔دوران تبادلہ خیال اراکین نے تمام اَضلاع میں قبائلی ہوسٹلوں ، روایتی کھیلوں کے فروغ ، موبائل سکولوںسمیت کئی مسائل بھی گوش گزار کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وَفد کے اَرکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر کے قبائلی طبقے کی سماجی و اقتصادی بہبود یوٹی حکومت کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ انتظامیہ نے گزشتہ چند مہینوں میں کئی ایسے فیصلے لیے ہیں جن میں دہائیوں سے جاری امتیازی سلوک ختم ہو جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پربات کرتے ہوئے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کے نوجوانوں کو یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی مشن یوتھ کی مختلف سکیموں سے جوڑیں تاکہ وہ تمام مستفید اَفراد تک اس کے فوائد پہنچ سکیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ یوٹی حکومت جموںوکشمیر کی خانہ بدوش برادریوں کی ترقی اور بہبود کے لئے تمام محاذوں پر ثابت قدمی سے کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کی تمام تجاویز اور نکات پر متعلقہ حکام کی طرف سے مناسب غور کیا جائے گا۔










