سرینگر / /شمالی کشمیر علاقہ دیور لولاب کے گنائی محلہ میں نصب شدہ ٹرانسفارمر خراب ہونے سے لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جس سے ان کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں 20 دن قبل ٹرانسفارمر خراب ہوچکا ہے جس سے محلہ میں گھپ اندھیرا چھایا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی محکمہ پی ڈی ڈی کے متعلقہ ملازمین اور افسران کو آگاہ بھی کیا گیا لیکن انہوں نے توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جب ملازمین پر صارفین نے دبائو بڑھانے کی کوشش کی توان کے بقول تعینات ملازمین نے ٹرانسفارمر مرمت کیلئے ورکشاپ لے جانے کے بجائے یہ کہہ کر تعجب میں ڈال دیا کہ وہ ہلشری کرکے ٹرانسفارمرکو ورکشاپ لے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے بعد اس کی مرمت محکمہ کی ذمہ داری ہے لیکن وہ محکمہ کے ملازمین اپنی ذمہ داریوں سے پلے جھاڑ دیتے ہیں ۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ جب یہ ملازمین فیس وصولیابی کیلئے ذمہ دار ہوتے ہیں ؟اور فیس بقایات داران کے کنیکشن کاٹنے کیلئے مجاز ہیں تو ٹرانسفارمرکو مرمت کیلئے ورکشاپ لے جانے کی ذمہ داریوں سے کیوں مکر جاتے ہیں ؟اس سلسلے میں انہوں نے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر کو مرمت کیلئے ورکشاپ لیا جائے اور بجلی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔اس ضمن میں کے پی ایس نیوز ڈیسک سے متعلقہ بجلی انسپکٹر سے بات کی گئی تو موصوف نے لوگوں کی اس شکایت کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک تو ٹرانسفارمر صرف چار روز قبل خراب ہوا ہے اور یہ بات حقیقت سے بعید ہے کہ لوگوں سے پیسے جمع کرکے ٹرانسفارمر خود ورکشاپ پہنچانے کو کہا ہے تاہم انہوں نے یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ ترجیحی بنیادوں پر ٹرانسفارمر کی مرمت کراکے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔










