گلمرگ اور پہلگام میں تازہ برف باری،موسم کے تیورٹھیک نہیں

گلمرگ اور پہلگام میں تازہ برف باری،موسم کے تیورٹھیک نہیں

اگلے 24 گھٹنوں کے دوران ہلکی برف باری یا بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کا امکان:محکمہ موسمیات

سری نگر//وادی کشمیر میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات ہوئی تازہ بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے اورجمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب بھی وادی کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ اور پہلگام میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔اس دوران جمعہ کے روز بھی شہرسری نگرسمیت پورے کشمیر میں مطلع ابروآلود رہا جبکہ دن بھر برفانی ہوائیں چلتی ر ہیں جبکہ برف پگلنے کے بعدوادی بھرمیں سڑکیں،بازار،چوراہے ورگلی کوچے زیرآب ہونے سے لوگوںکوچلنے پھرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔سہ پہر کے وقت شہر سری نگرسمیت شمال وجنوب کئی علاقوںمیں برف وبراں کاسلسلہ پھر شروع ہوگیا۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے 24 گھٹنوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہونے کا امکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیروادی میں موسمی صورتحال دگرگوں بنی ہوئی ہے ۔جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات گلمرگ اورپہلگام سمیت کہیں کہیں اوپری اوربالائی علاقوںمیں تازہ ہلکے درجے کی برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ شب تازہ برف باری ہوئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔دوران شب تازہ برف وباراں کے نتیجے میں جمعہ کوپورے دن شہر سری نگرسمیت کشمیروادی میں یخ بستہ برفانی ہوائیں چلتی رہیں ،جسکے نتیجے میں لوگوں کوسخت سردی کاسامنا کرناپڑا۔جمعہ کے روز پورے دن آسمان پربادل چھائے رہے اورمطلع ابروآلود رہنے کے باعث کسی بھی برف باری یابارش ہونے کاخطر ہ منڈلاتارہا۔تاہم سہ پہر موسمی صورتحال خشک رہی جبکہ کچھ بالائی علاقوں سے ہلکی بر ف باری ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ۔جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات اہلیان وادی نے سخت سردی محسوس کی ،اورماہرین موسمیات کے بقول اسکی وجہ جگہ جگہ برف جمع ہوناہے ۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کی صبح کہاکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ دوران شبسری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے شہرہ افاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے، اوروہاں جمعرات او رجمعہ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھر سیاحتی مقام پہلگام میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی ایک اعشاریہ آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔چناب وادی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے ،اوروہاں بانہال اور بھدرواہ میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 رہا۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے 24 گھٹنوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔