گرین ہاؤس گیسوں کے صفر اخراج کیلئے سخت ضابطے بنائے جائیں :اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ماہرین نے منگل کے روز جاری ایک رپورٹ میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے لیے سخت معیاروں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اپنے اخراج کو زیرو تک لانے کے وعدے کرنے والی کمپنیوں کے لیے بہتر ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ ان کے پاس کوئی مستند منصوبہ ہے اور وہ صرف جھوٹے وعدے نہیں کر رہیں۔ مصر کے ساحلی تفریحی مقام شرم الشیخ میں آب و ہو ا سے متعلق اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس میں ماہرین کے ایک گروپ نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو زیرو تک لانے کا وعدہ کرنے والے کاروباری اداروں، بینکوں اورمقامی حکومتوں کے لیے متعدد سخت سفارشات تیار کی ہیں جن میں ان کے لیے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے کہ ان کے وعدے جھوٹی یقین دہانیوں کی بجائے با معنی کارروائیاں ہوں۔انہوں نے اسے زیرو اخراج کو جھوٹے دعوؤں، ابہام اور گرین واش سے متاثر ہونے سے روکنے کا روڈ میپ قرار دیا ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گوتریس نے ٹھیک ایک برس قبل گزشتہ سال اقوام متحدہ کے آب وہوا سے متعلق سربراہی اجلاس میں اس گروپ کو مقرر کیا تھا تاکہ وہ کاروباری اداروں اور تنظیموں کی طرف سے کیے گئے نیٹ زیرو یعنی بالکل صفر کے دعوؤں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے گرد موجود ابہام دور کرنےکےلیے اصول اور سفارشات ترتیب دیں۔لیکن اقوام متحدہ کے ماہرین اور ماحولیاتی گروپوں کا کہنا ہے کہ جب بات بالکل صفر وعدوں کی ہو تو بہت کم شفافیت یا یکساں معیارات ہیں، جس کے نتیجے میں دعوؤں کی تصدیق کرنا مشکل ہو جاتی ہے ۔آب وہوا کی ستائیسویں سر براہی کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ بڑے پیمانے پر معدنی تیل کی توسیع کو چھپانے کے لیے زیرو اخراج کے جھوٹے وعدے نا قابل قبول ہیں جو ہماری دنیا کو آب ہوا کی آلودگی کی انتہا تک پہنچا سکتے ہیں ۔ اس سلسلے کو اب ختم کر دیا جانا چاہئے ۔2015 میں جب سے پیرس معاہدے میں درجہ حرارت میں اضافوں کو ایک اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسئس تک محدود کرنے کا ایک عالمی ہدف طے کیا گیا تھا ، نیٹ زیرو کے خیال کی پذیرائی میں اضافہ ہوتا رہا ہے اور اسے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی لانے کے عالمی مقصد کو پورا کرنے کا ایک بڑا طریقہ قرار دیا جارہا ہے ۔رپورٹ تیار کرنے والے 17 اعلیٰ سطح کے ماہرین کے گروپ کی سر براہ ، کیتھرین مک کینا نے کہا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روکنے سے متعلق بد دیانتی پر مبنی وعدوں کو روکنے کے لیے ہم زور دیتے ہیں کہ غیر ریاستی عناصر اپنی پیش رفت کو مستند معلومات کے ساتھ جن کا ا ن کے ساتھیوں سے موازنہ کیا جا سکے ، عوامی طور پر پیش کریں ۔ ان غیر ریاستی عناصر میں کارپوریشنیں، سرمایہ کار اور مقامی اور علاقائی حکومتیں شامل ہیں ۔