نعش میوہ باغ سے برآمد،مردوزن کااحتجاج،خاتون کی نعش کا پوسٹ مارٹم ،کیس درج ،تحقیقات شروع:پولیس
بارہمولہ//بارہمولہ قصبہ کے مضافاتی علاقہ گتیارمیں جمعہ کی صبح اُسوقت تشویش اورناراضگی کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں جمعرات کی شام سے لاپتہ ایک 45سالہ مقامی خاتون کی نعش کوایک میوہ باغ سے پُراسرارحالت میں پائی گئی ۔مقامی لوگوں نے خاتون کی موت کوقتل قرار دیتے ہوئے اس المناک واقعے کیخلاف احتجاج کیا۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایاکہ پیشے سے درزی گلزاراحمد میر ساکنہ گتیار بارہمولہ کی اہلیہ فردی بیگم جمعرات کے روز نزدیک ہی واقع باغ میں گھاس نکالنے کیلئے چلی گئی ۔لوگوں کے مطابق 2بچوں کی ماں شام دیر گئے تک جب گھرواپس نہیں لوٹی توافرادخانہ نے اسکی تلاش شروع کی جبکہ بقول لوگوں کے اہل خانہ نے خاتون کی پُراسرار گمشدگی کے حوالے سے بارہمولہ پولیس تھانے میں جمعرات کی شام رپورٹ بھی درج کرادی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ رات دیر گئے تک خاتون کاکوئی سراغ نہیں مل سکا تاہم جمعہ کی صبح کچھ مقامی لوگوں نے فریدہ بیگم نامی اس خاتون کی نعش ایک میوہ باغ میں پائی ،اوراس بارے میں پولیس کومطلع کیا گیا ۔پُراسرار حالت میں مردہ پائی گئی خاتون اصل میں ولرمن گائوںکی رہنے والی تھی اورگتیار بارہمولہ میں اسکی شادی ہوئی تھی ۔پولیس نے میوہ باغ سے خاتون کی نعش کوبرآمد کرکے جی ایم سی اسپتال بارہمولہ منتقل کیا جہاں ماہر ڈاکٹروں نے اسکی نعش کاپوسٹ مارٹم کیا ۔اُدھر اس دوران گتیار بارہمولہ اور ولرمن کے مردوزن کی ایک بڑی تعداد کانٹھ باغ چوک میں جمع ہوئی اورانہوں نے اس واقعے کولیکر شاہراہ پرصدائے احتجاج بلندکیا ،جس کے باعث شاہراہ پرکچھ وقت کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ۔اس دوران احتجاج میں شامل مہلوک خاتون کے میکے والوں نے الزام لگایاکہ فریدہ کوقتل کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب میوہ باغ سے نعش ملی تو خاتون کے گلے میں اسکا اسکارف تھا ،جسے اسکو ممکنہ طورپرپھانسی دی گئی تھی ۔انہوں نے بتایاکہ ہم انصاف چاہتے ہیں ،اورہماری مانگ ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات عمل میں لاکر درپردہ حقیقت کوسامنے لایا جائے ۔پولیس حکام نے احتجاجی مردوزن کواسبات کی یقین دہانی کرائی کہ خاتون کی پُراسرار موت کی جلدتحقیقات عمل میں لاکرحقائق کوسامنے لایاجائے گا۔اس یقین دہانی کے بعداحتجاج میں شامل درجنوں مردوزن پُرامن طورپرمنتشر ہوگئے اورشاہراہ پرگاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی ۔اُدھر پولیس نے پوسٹ مارٹم کرانے اوردیگرقانونی لوازمات کوپورا کرنے کے بعدخاتون کی نعش لواحقین کے سپردکردی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گتیار بارہمولہ میں جمعرات کی شا م سے لاپتہ خاتون کی پُراسرار موت کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ،اورپوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعداس واقعے کی اصل صورتحال واضح ہوجائیگی ۔










