گاندر بل//ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے ضلع میں کانفرنس ہال میں متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کیا تا کہ ضلع بھر میں 18 سے 44 سال کی عمر تک جاری کووڈ 19 سے متعلق ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا جا سکے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں قائم تمام 94 ویکسی نیشن سائٹوں پر 18 سے 44 سال تک کی عمر کے گروپوں کیلئے ویکسی نیشن ڈرائیو زوروں پر چل رہی ہے اور اب تک 14 فیصد سے زائد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے ۔ ویکسی نیشن ڈرائیو پر ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے ویکسی نیشن ڈرائیو میں مصروف تمام افسران /اہلکاروں کو تاکید کی کہ پہلے سے طے شدہ اہداف روزانہ کی بنیاد پر حاصل کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسی نیشن ڈرائیو کو تیزی سے بڑھانے اور جنگی بنیادوں پر جاری رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کووڈ 19 وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کا سب سے موثر طریقہ ہے ۔ انہوں نے تمام محکمہ جات پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ متحرک ہونے کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور کوششیں کریں اس کے علاوہ پی آر آئی ، آئمہ اور سول سوسائیٹی کے ممبروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کریں تا کہ عام لوگوں کو ویکسی نیشن کے فوائد کے بارے میں حساسیت پیدا کریں ۔ دریں اثنا ڈی سی نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگائیں اور اس مہلک وائیرس سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک ، ہاتھ دھونے ، سماجی دوری سمیت مناسب سلوک کی پیروی کریں ۔ اجلاس میں اے ڈی سی مظفر احمد پیر ، سی پی او ، سی ایم او ، جی ایم ڈی آئی سی ، ڈی ای سی ایم او ، بی ایم اوز اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی ۔










