dooran

گاندربل پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کا منشیات ریکٹ بے نقاب کیا

10 کروڑ سے زائد کی کوکین برآمد، مزید گرفتاریاں متوقع

سرینگر//وی او آئی//جموں و کشمیر پولیس نے منظم منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گاندربل میں کروڑوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کی۔ پولیس کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں اس کی قیمت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ یہ آپریشن علاقے میں سرگرم منشیات نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے اور پولیس کے زیرو ٹالرنس رویے کو اجاگر کرتا ہے۔ پولیس نے خصوصی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش محمد عرفان بھٹ ولد غلام نبی بھٹ ساکن کھرباغ واکورہ کو گرفتار کیا۔ اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 200/2025 درج کی گئی اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس کا مقصد منشیات کے سپلائرز کے روابط اور نیٹ ورک کو بے نقاب کرنا ہے۔ عدالت سے حاصل سرچ وارنٹس کے تحت سْنبَل، شادپورہ، زکورہ اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ تحقیقات کے دوران ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش مقصود حسین خان ولد عبدالمجید خان ساکن حضرت بل کو بھی حراست میں لیا گیا۔ اس کے کرائے کے مکان گوری پورہ، سانت نگر سے دو پیکٹ کوکین نما مادہ برآمد ہوا جس کا وزن تقریباً ایک کلوگرام ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی۔ پولیس نے ایک گاڑی، موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی ضبط کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔ گاندربل پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی اطلاع فراہم کریں تاکہ معاشرہ منشیات سے پاک بنایا جا سکے۔