گاندربل//وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے سما محلہ شالہ بگ علاقے میں منگل کو ایک ٹریکٹر کے اُلٹ جانے سے اسکی کی زد میں آنے سے2سگے بھائی لقمہ اجل بن گئے۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع گندربل کے سما محلہ شالہ بُگ علاقے میں منگل کے روز ایک ٹریکٹر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں اسکی زدمیں آکر2سگے بھائی18سال کے ساحل احمد ڈار اور 10سالہ رمیض ڈار پسران غلام محی الدین ڈار ساکنان شالہ بگ زخمی ہوگئے ۔ دونوں بھائیوں کو علاج کے لئے پرائمری ہیلتھ سینٹر پیرپورہ لے جایا گیا جہاں سے اُنہیں ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا تاہم یہاں موجود ڈاکٹروں نے دونوں بھائیوںکومردہ قرار دیا۔10سالہ رمیض اور18سالہ ساحل کی میتوں کوجب ضلع اسپتال گاندربل سے آبائی گھرواقع شالہ بگ گاندربل پہنچایاگیاتو وہاں کہرام مچ گیا۔خواتین کوآہ وزاری اورسینہ کوبی کرتے دیکھاگیاجبکہ یہاں دیگرلوگوںکی آنکھیں بھی دوسگے بھائیوںکی نعشوں کودیکھ کراشکبار ہوئیں۔یہاں موجود لوگوںکویہ کہتے سناگیاکہ اس کنبے پرآج قیامت ٹوٹ پڑی ہے ۔بعدازاں منگل کی سہ پہردونوں بھائیوںکی نمازجنازہ ایک ساتھ اداکی گئی ،اوراس دوران بھی یہاں رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے ۔دونوں بھائیوںکی میتوںکوآبائی مقبرہ میں ایک ساتھ سینکڑوں اشکبار آنکھوںکے سامنے سپردلحدکیاگیا۔گاندربل پولیس نے اس المناک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران ضلع گاندربل میں ہی ہری گنیون علاقے کے قریب سری نگرلیہہ ہائی وے پر انوئوا گاڑی کی ٹکر سے ایک نابالغ لڑکا زخمی ہو گیا۔زخمی لڑ کے ثاقب احمد چوپان ولد محمد رمضان ساکن ہری گنیون کو علاج کیلئے سب ضلع اسپتال کنگن لے جایا گیا۔دریں اثنا، پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔










