گاندربل میں پولنگ عملے کی پہلی رینڈمائزیشن کامیابی سے کی گئی

گاندربل//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفس گاندربل نے آئندہ لوک سبھا اِنتخابات۔2024 ء کے لئے پولنگ عملے کی پہلی رینڈمائزیشن کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔یہ اِنتخابی عمل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر شیامبیر کی نگرانی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر گاندربل عابد اقبال ملک، ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر گاندربل کی موجودگی میں کیا گیا تاکہ اِنتخاب کے طریقۂ کار میں شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ رینڈمائزیشن کا عمل آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کی تیاری میں ایک اہم مرحلہ ہے۔ یہ عملے کے ممبروں کو بے ترتیب طور پر اِنتخابی فرائض تفویض کرکے کسی بھی ممکنہ تعصب یا ہیرا پھیری کو روکنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ طریقہ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ عملے کے ہر رُکن کو کسی بھی کردار کے لئے منتخب ہونے کا مساوی موقعہ ملے گا۔اِس طرح اِنتخابی عمل کی سا لمیت برقرار رہے گی۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے پورے طریقۂ کار کی نگرانی کی جو چیف الیکٹورل آفیسر جموںوکشمیر کے تیار کردہ خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ سافٹ ویئر کا اِستعمال کرتے ہوئے اَنجام دیا گیا تاکہ مکمل بے ترتیبی اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جاسکے۔گاندربل کا ضلعی الیکشن آفس ایسے اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے پرعزم ہے جو ملک کے جمہوری جذبے کی عکاسی کرتے ہیں