لندن/ایجنسیز//جنسی جرائم اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث جیفری ایپسٹین کے منظرِ عام پر آنے والی ای میلز میں ایک اور تہلکہ خیز انکشاف ہوا ہے۔برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو کی سابقہ اہلیہ سارہ فرگوسن نے 21 ستمبر 2011ء کو جیفری ایپسٹین کو ایک ای میل بھیجی تھی۔اس ای میل میں لکھا تھا کہ میں نے شہزادہ اینڈریو سے سنا ہے کہ آپ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، اگرچہ آپ نے مجھ سے کبھی رابطہ نہیں رکھا لیکن میں پھر بھی آپ کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دے رہی ہوں۔اگر سارہ فرگوسن کی ای میل میں کیا گیا دعویٰ درست ہے تو ابھی اس بچے کی عمر تقریباً 14 یا 15 سال ہو گی۔ای میل سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ سارہ فرگوسن کو پہلے سے اس بات کا علم نہیں تھا کہ جیفری ایپسٹین باپ بننے والا ہے۔یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی اہم ہے کہ اب تک 100 سے زیادہ لوگوں نے جیفری ایپسٹین کی جائیداد میں حصہ لینے کیلئے اس کی اولاد ہونے کا دعویٰ کیا ہے لیکن اس کی کسی سرکاری دستاویز سے فی الحال یہ ثابت نہیں ہوا کہ اس کی کوئی اولاد بھی ہے۔یاد رہے کہ امریکی کروڑ پتی شخصیت جیفری ایپسٹین کے دنیا بھر کی مشہور اور سیاسی شخصیات سے تعلقات تھے، 2005ء میں جب فلوریڈا میں ایک کیس کے دوران اس پر ایک 14 سالہ لڑکی کو جنسی تعلقات کیلئے پیسے دینے کا الزام عائد ہوا تو اسے شاملِ تفتیش کیا گیا۔










